اہم نکات
ضلع مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے میں تین اہکار جان سے گئے
پاکستان کی غزہ میں بیپٹسٹ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت
تربیلا، منگلا اورچشمہ ریزوائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 8 لاکھ ایکٹر فٹ سے زائد
اختیارات سے تجاوز اور غفلت پر اسلام آباد پولیس کے 15 اہلکار برطرف
مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے میں تین اہلکار جان سے گئے
صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں تین اہکار جان سے گئے جبکہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔
دھماکہ منگل کی صبح مستونگ میں دشت روڈ پر کنڈمیسوری کے قریب ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ راجہ اطہر عباس نے اردو نیوز کو دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکاروں کے ہلاک اور 21 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل میں بارودی مواد نصب تھا جبکہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبلری کے اہلکار ڈیوٹی سے واپس جا رہے تھے جب ان کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا۔
پاکستان کی غزہ میں بیپٹسٹ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت
پاکستان نے غزہ میں بیپٹسٹ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ، طبی سہولیات کو نشانہ بنانے کا حصہ ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ پام سنڈے کو پیش آیا جو مسیحیوں کے لیے ایک مقدس موقع ہے اور یہ اسرائیل کی مذہبی تقدس اور شہری زندگیوں کو نظر انداز کرنے کی نشاندہی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے جاری مظالم کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم اور نہتے فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل اور شہری انفراسٹرکچر کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔
تربیلا، منگلا اورچشمہ ریزوائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 8 لاکھ ایکٹر فٹ سے زائد
ترجمان واپڈا نے کہا ہے کہ تربیلا، منگلا اورچشمہ ریزوائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 8 لاکھ 75 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
آبی ذخائرکی تفصیلات جاری کرتے ہوئے ترجمان واپڈا نے کہا ہے کہ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 32 ہزار600 کیوسک اور اخراج 20 ہزار کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 25 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 17 ہزار کیوسک ہے۔
اسی طرح سے چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 44 ہزار 500 کیوسک اوراخراج 39 ہزار کیوسک، ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 12 ہزار600 کیوسک اور اخراج 6 ہزار100 کیوسک جبکہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 27 ہزار200 کیوسک اور اخراج 27 ہزار200 کیوسک ہے۔
اختیارات سے تجاوز اور غفلت پر اسلام آباد پولیس کے 15 اہلکار برطرف
اسلام آباد پولیس کے 15 اہلکاروں کو اختیارات سے تجاوز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کی نگرانی میں محکمانہ انکوائری کی گئی تھی۔’پانچ ہیڈ کانسٹیبلز اور سات کانسٹیبلز سمیت 15 اہلکاروں کو فرائض میں غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔‘اسلام آباد پولیس کے عہدیدار کے مطابق اہلکاروں کو اپنے اختیارات سے تجاوز، عوام کی خدمت میں ناکامی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر سزا دی گئی۔تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں