ٹک ٹاک کی جانب سے ایپ کے اندر سرچ انجن کو بتدریج بہتر بنایا جا رہا ہے اور اب یہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم گوگل میپس کو بھی ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے مخصوص مقامات کے ریویوز کسی ویڈیو کے کمنٹس ٹیب میں ہی فراہم کیے جارہے ہیں۔ یہ نیا فیچر فی الحال آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے اور اس سے صارفین کے لیے نئی سرچ کرنا یا گوگل اوپن کرکے کسی مقام کو جاننے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔
جن صارفین کو اس نئے فیچر تک رسائی حاصل ہے، وہ جب ویڈیو کے کمنٹس پر کلک کریں گے تو انہیں ریویوز نامی ٹیب نظر آئے گی۔ مثال کے طور پر اگر وہ نیویارک کے سینٹرل پارک کی ویڈیو دیکھتے ہیں، وہ صارفین کی لوکیشن کے بارے میں اسٹار ریٹنگز، ان کے ریویوز اور اپ لوڈ کی جانے والی تصاویر کو بھی دیکھ سکیں گے۔
آپ ریویو کرنے والے فرد کے یوزر نیم پر کلک کرکے اس کی ٹک ٹاک پروفائل پر جاسکیں گے۔ یہ ٹک ٹاک کی جانب سے گوگل کو ٹکر دینے کی کوششوں میں نیا اضافہ ہے۔
2022 میں گوگل کے ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ ٹک ٹاک ایپ بہت تیزی سے سرچ انجن کے شعبے میں گوگل کے حصے پر قبضہ کر رہی ہے خصوصاً نوجوان انٹرنیٹ سرچ کے لیے ٹک ٹاک کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اب ٹک ٹاک کی جانب سے متعدد شعبوں میں گوگل کی بالادستی کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کے لیے انٹرنیٹ سرچز کے لیے ترجیح پلیٹ فارم بننے کے ساتھ ٹک ٹاک نے 2024 میں امیج سرچ کے آپشن کو متعارف کرایا تھا۔