پاکستان کے مختلف علاقوں میں جمعے اور سنیچر کو ژالہ باری اور شدید بارش کا امکان

اردو نیوز  |  Apr 17, 2025

پاکستان کے مختلف علاقوں میں اگلے دو دن (جمعہ اور سنیچر کو) شدید بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق محکمے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این ای او سی) نے جمعرات کو شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔

این ای او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ18 اور 19 اپریل کو شدید بارش اور  بعض مقامات میں ژالہ باری کا امکان ہے۔

بیان کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید موسمی حالات کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

پنجاب کے علاقوں چکوال، گجرات اور جہلم میں آندھی طوفان اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

وسطی پنجاب میں فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ بھی شدید موسمی زد میں آ سکتے ہیں۔

’تیز ہواؤں اور بارش سے بجلی کی بندش اور حادثات کا خدشہ ہے۔ پنجاب میں ممکنہ شدید موسمی صورت حال کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘

اسلام آباد میں غیرمعمولی ژالہ باری سے گاڑیوں، عمارات کے شیشوں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسمی حالات سے آگاہ رہنے کے لیے موبائل ایپ این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کو فالو کریں۔

’عوام اس دورانیے میں غیرضروری سفر سے پرہیز کریں۔کسان فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ضروری پیشگی انتظامات رکھیں۔ آندھی و طوفان کی صورت میں کمزور عمارتوں اور درختوں سے دور رہیں۔‘

واضح رہے کہ بدھ کی شام پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کئی سیکٹرز میں غیرمعمولی ژالہ باری کے نتیجے میں گاڑیوں، عمارات کے شیشوں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More