امارات کے نائب وزیراعظم دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

اردو نیوز  |  Apr 20, 2025

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اتوار کو جاری بیان میں کہا ہے کہ امارات کے نائب وزیراعظم 20 سے 21 اپریل تک پاکستان کا سرکاری کا دورہ کریں گے۔

بیان کے مطابق اعلیٰ سطح کے وفد کا یہ دورہ پاکستان اور عرب امارات کے درمیان گہرے اور برادران تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام  شعبوں میں مضبوط تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔

حالیہ برسوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملا ہے۔ چین اور امریکہ کے بعد متحدہ عرب امارات، پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

گزشتہ دو دہائیوں میں عرب امارات نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔

دورے کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی سلامتی اور لوگوں کے درمیان رابطوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی نائب وزیراعظم کے دورے سے فریقین کو باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔

نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا موقع ملے گا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More