پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 228 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ کپتان محمد رضوان 15، شائے ہوپ 20 اور ڈیوڈ وِلی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے چار، عارف یعقوب نے تین، مچل اوون نے دو جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے تھے۔
پشاور زلمی کے بیٹرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو ٹف ٹائم دیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے ٹام کوہلر کیڈمور نے 52 جبکہ محمد حارث نے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے چار جبکہ عارف یعقوب نے تین وکٹیں حاصل کی (فوٹو: پشاور زلمی)
ان کے علاوہ حسین طلعت 37 جبکہ مچل اوون 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عبدالصمد کی 14 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز نے پشاور زلمی کا مجموعی سکور 227 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف پانچ رنز جبکہ لیوک وڈ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ولی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے دو دو جبکہ افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس ایونٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں تین تین میچز کھیل چکی ہیں، پشاور زلمی کو دو جبکہ ملتان سلطانز کو تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور زلمی کا سکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، مچل اوون، عبدالصمد، لیوک وڈ، الزاری جوزف، عارف یعقوب اور علی رضا پشاور زلمی کی ٹیم میں شامل تھے۔
ملتان سلطانز کا سکواڈ
محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، شائے ہوپ، عثمان خان، کامران غلام، ایشٹن ٹرنر، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، ڈیوڈ وِلی، اسامہ میر، عاکف جاوید اور عبید شاہ ملتان سلطانز کی ٹیم کا حصہ تھے۔