ندا یاسر نے انمول بلوچ سے معافی کیوں مانگی؟ وجہ سامنے آ گئی

سچ ٹی وی  |  Apr 23, 2025

اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے کچھ دن قبل اپنے براہ راست ٹی وی شو میں تصدیق کیے بغیر غلطی سے ایک اداکارہ کی شادی کا اعلان کیا۔

ندا یاسر نے حال ہی میں اپنے مارننگ شو میں کسی اداکارہ کا نام لیے بغیر ان سے معافی مانگی اور اعتراف کیا کہ انہوں نے تصدیق کیے بغیر کچھ دن قبل اپنے عید الفطر کے شو پر اداکارہ کو شادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی شادی کا اعلان کیا۔

ندا یاسر نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پروگرام میں اداکارہ انمول بلوچ کو بھی ان نوبیاہتہ اداکاراؤں میں شمار کیا تھا، جنہوں نے رواں برس شادی کی۔

ندا یاسر نے اپنے عید شو میں دعویٰ کیا تھا کہ انمول بلوچ بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں شادی کی۔

ندا یاسر نے انمول بلوچ کے شادی شدہ ہونے کا دعویٰ اس وقت کیا تھا جب کہ ان کےعید شو میں گلوکار فلک شبیر اور اداکارہ سارا خان نے شادی کے بندھن میں بندھنے والی شوبز کی شخصیات کو مبارک باد پیش کی تھی۔

فلک شبیر اور سارا خان نے ماورا حسین، کبریٰ خان اور گوہر رشید سمیت دیگر شوبز جوڑیوں کا نام لے کر انہیں مبارک باد پیش کی، اس دوران ندا یاسر نے انمول بلوچ کا نام بھی لیا تھا۔

ندا یاسر کے دعوے کے بعد انمول بلوچ کی خاموشی سے شادی کرنے کی خبریں پھیلیں تو انہوں نے وضاحتی بیان جاری کیا کہ تاحال ان کی شادی نہیں ہوئی۔

اور اب ندا یاسر نے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تصدیق کیے بغیر اداکارہ کی شادی کا اعلان کیا۔

ندا یاسر نے اپنے ہی مارننگ شو میں انمول بلوچ کا نام لیے بغیر ان سے معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے تصدیق کیے بغیر ان کی شادی سے متعلق بات کی، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ٹی وی میزبان نے بتایا کہ انہیں بھی ایک شوبز شخصیت نے اداکارہ کی شادی سے متعلق بتایا تھا۔

ان کے مطابق شوبز شخصیت کی جانب سے بتائی گئی بات ان کے ذہن میں رہ گئی اور انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے شو میں اداکارہ کو ان اداکاراؤں میں شمار کیا جن کی شادی ہو چکی تھی۔

ندا یاسر نے بتایا کہ ان کی جانب سے براہ راست شو میں اداکارہ کی شادی کی تصدیق کرنے کے بعد مذکورہ اداکارہ نے انہیں فون کیا اور بتایا کہ ان کی تاحال شادی نہیں ہوئی۔

ٹی وی میزبان نے اعتراف کیا کہ کسی کی جانب سے خصوصی طور پر کسی لڑکی کی شادی کی تصدیق کرنے سے لڑکی کو نقصان ہو سکتا ہے، ہر کسی کو تصدیق کے بعد ایسا اعلان کرنا چاہیے اور یہ کہ انہوں نے تصدیق نہیں کی، انہوں غلط کیا اور ان سے غلطی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنے معافی نامے میں مذکورہ اداکارہ کا نام نہیں لے رہیں، کیوں کہ اگر وہ ان کا نام لیں گی تو پھر سے خبریں شائع ہوں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More