انڈیا نے اگر پہل کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: وزیر خارجہ اسحاق ڈار

اردو نیوز  |  Apr 29, 2025

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انڈیا کشیدگی میں اضافہ کرنا چاہتا ہے اور اگر ایسا ہوا تو پاکستان کی طرف سے سخت جواب دیا جائے گا۔

منگل کو سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہماری معلومات کے مطابق انڈیا کشیدگی میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ ہم پہل نہیں کریں گے لیکن اگر کسی نے ایسا کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔‘

ان کہنا تھا کہ ’انڈیا پاکستان کے خلاف بیانیہ بنانے میں فیل ہوا اور پہلگام واقعے کا ثبوت فراہم کرنے میں بھی ناکام ہو گیا ہے۔‘

اسحاق ڈار نے کہا کہ ’سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ اس کو معطل کرنے کے لیے ڈرامہ رچایا گیا۔ پاکستان کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ پلوامہ واقعے کو بہانہ بنا کر کشمیر کو یونین ٹیریٹری بنا دیا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اگر ہمارے پانی کے ساتھ گڑبڑ کی تو جنگ تصور ہوگی۔ یہ کروڑوں لوگوں کی بنیادی ضرورت ہے۔‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، یواے ای، برطانیہ، ترکیہ، چین، کویت اور دیگر ممالک کے ساتھ ہمارے قریبی تعلقات ہیں اور انہیں اعتماد میں لیا گیا ہے۔ انہیں کی ہسٹری اور اس کے رویے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

ان کے مطابق ’چین اور ترکیہ نے واضح موقف اپنایا ہے۔ چین کے وزیر خارجہ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ ان کی وزارت خارجہ سے بیان جاری ہوچکا ہے جس میں انہوں نے بردادانہ تعلقات کو سراہا ہے۔‘

’ترکیہ نے کہا کہ بتائیں کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔ میں نے کہا کہ انہوں جو کیا وہ ہم ان کے ساتھ بھی ویسا ہی کریں گے۔‘

اسحاق ڈار کے مطابق ’سندھ طاس معاہدہ پر ان کا خط اپریل میں آیا جس میں کہا گیا کہ جب معاہدہ ہوا تھا اس وقت سے اب تک حالات بدل چکے ہیں۔ یہ پہلے ہی سے ماحول بنا رہے تھے۔ ہمارے پاس ثبوت نہیں ہیں لیکن لگتا ہے کہ یہ سب اسی لیے کیا گیا۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More