سیف علی خان اور کرینہ کپور کا شمار بالی وڈ کی کامیاب جوڑیوں میں ہوتا ہے۔ دونوں نے شوبز انڈسٹری کے اپنے طویل کیریئر میں عروج و زوال بھی دیکھا ہے۔شوبز خبروں کی ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق ایک ایسی انڈسٹری جہاں پر کوئی بھی آسانی سے عدم تحفظ کا شکار ہو جاتا ہے، خاص طور پر جب آپ کا شریک حیات کامیابی کے زینے چڑھ رہا ہو اور آپ ناکامیوں سے دوچار ہوں، تو ایسے میں اناؤں کا ٹکراؤ کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔سیف علی خان نے اپنے ایک انٹرویو میں ایسی صورت حال کے حوالے سے بات کی ہے، خاص کر جب وہ ناکام جا رہے تھے اور کرینہ کا کیریئر کامیابی کی راہ پر گامزن تھا۔
ہندوستان ٹائمز کو ایک انٹرویو میں اداکار نے اپنی بیوی کرینہ سے حسد کے سوال پر کہا کہ ’نہیں نہیں نہیں۔ میرا مطلب ہے کہ ہم اس قسم کی چیز کے لیے بہت زیادہ حقیقت پسند ہیں۔ ہم اتنے شاونسٹ نہیں ہیں، آپ جانتے ہیں، چیزیں بدلتی ہیں، چیزیں اوپر نیچے ہوتی ہیں، اور چیزیں ہو جاتی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک وقت میں کوئی دوسرے سے زیادہ کامیاب ہوتا ہے، اور دوسری بار دونوں لوگ بہت اچھا وقت گزار رہے ہوتے ہیں۔ لیکن میں نے زندگی کو کبھی اس تناظر سے نہیں دیکھا۔ دراصل میری زندگی کی کامیابی کا باکس آفس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘’میں تصور کر سکتا ہوں کہ اگر آپ کام نہیں کر رہے ہیں اور آپ اپنا حصہ نہیں ڈال رہے تو آس پاس رہنا، بے روزگار ہونا کیسا لگتا ہو گا۔‘سیف علی خان نے کرینہ کپور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ایک ایسی دلکش اور کامیاب فلمی سٹار کے ساتھ رہتا ہوں، اور شاید یہ بطور انسان اس کی عظمت ہے کہ کبھی بھی کسی طرح کا مقابلہ محسوس نہیں ہوتا، جو یقیناً ہے بھی نہیں۔‘کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی سنہ 2012 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بیٹے تیمور اور جہانگیر ہیں۔