بجلی کے مہنگے منصوبے ختم کرنے سے عام صارفین کو کیا فائدہ ہوگا؟

اردو نیوز  |  May 02, 2025

حکومت پاکستان نے اگلے 10 برسوں میں بجلی کے مہنگے منصوبے ختم کرنے اور بجلی کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے نجی سیکٹر کو پرائیویٹ بجلی پیدا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس سلسلے میں ملک میں بجلی کے نگران ادارے نیپرا نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق ایسے بجلی صارفین جن کی کھپت ایک میگاواٹ سے زیادہ ہے وہ نجی شعبے سے براہ راست بجلی خرید کر سکتے ہیں۔

خیال ہے کہ پاکستان میں اتنی زیادہ بجلی صرف بڑی صنعتیں ہی استعمال کرتی ہیں۔ نئی حکومتی پالیسی کے مطابق نجی شعبے کو بجلی بنانے کی آزادی کے ساتھ خریداروں کو بھی آزادی ہو گی کہ وہ اپنی مرضی سے ریٹ طے کریں، تاہم ایک شرط یہ بھی رکھی گئی ہے کہ ایسا معاہدہ کرنے پر 24 گھنٹے بجلی فراہم کرنا ہو گی۔

اس نئے طریقہ کار کے تحت نجی شعبے میں بجلی پیدا کرنے والے سرکاری ٹرانسمیشن لائنز استعمال کریں گے اور اس کا کرایہ سرکار کو ادا کریں گے۔

بجلی کے ماہرین مطابق ایک میگا واٹ سے بڑے صارفین کو نیشنل گرڈ سے علیحدہ کرنے پر بڑے پیمانے پر بجلی کی بچت ہو گی۔ بلکہ عام صارفین پر پڑنے والے کیپسٹی چارجز اور دیگر اخراجات میں کمی ہونے پر بجلی سستی ہو گی۔

تاہم ابھی یہ واضع نہیں کہ کیا آئی پی پیز بھی نجی شعبے کی تعریف پر پورا اترتے ہیں یعنی کہ آئی پی پیز براہ راست بھی ایک میگا واٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو اپنے معاہدے سے بجلی فروخت کر سکیں گے یا اس نئے طریقہ کار کا اطلاق نئے بجلی کے پروڈیوسرز پر ہو گا۔ مگر ماہرین کے مطابق ہر دو صورتوں میں اس کا فائدہ عام صارفین کو ہو گا۔

لاہور میں ٹیکسٹائل کے کاروبار سے منسلک چوہدری امین نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم اس پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ابھی ہم بہت مہنگی بجلی خرید رہے ہیں جو اس پورے خطے میں بہت زیادہ ہے۔ وہ بجلی کی اصل لاگت سے زیادہ اس کے اوپر ٹیکسوں اور دیگر اضافوں کی وجہ مہنگی ہے۔ اگر حکومت ہمیں اجازت دے رہی ہے کہ ہم اپنی مرضی سے اپنے ریٹ پر بجلی خرید سکتے ہیں تو یہ اچھا فیصلہ ہے۔‘

بجلی کی پیداوار سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اس آفر سے کئی انویسٹرز بھی میدان میں آئیں گے اور بجلی پیدا کر کے بیچنے کو وہ ترجیح دیں گے۔ کیونکہ ان کے اوپر ٹیکسوں کی وہ قدغن نہیں ہو گی جو اس وقت ڈسکوز پر ہے۔ تو میرے خیال میں یہ درست فیصلہ ہے اور اس سے عام صارف پر بوجھ بھی کم ہو گا۔‘

اس وقت پاکستان میں کمرشل صارفین اوسطاً 62 روپے فی یونٹ بجلی خرید رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)اس وقت پاکستان میں کمرشل صارفین اوسطاً 62 روپے فی یونٹ بجلی خرید رہے ہیں۔ جبکہ گھریلو صارفین اوسطاً 38 روپے کا یونٹ استعمال کر رہے ہیں۔

پاکستان میں بڑے صنعتی یونٹس کے حوالے سے نئے اعداد و شمار نہیں ہیں، تاہم ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں چھوٹے بڑے 12 لاکھ صنعتی یونٹ ہیں۔ جن میں سے ایک میگا واٹ بجلی استعمال کرنے والے صنعتی یونٹوں کی تعداد ایک اندازے کے مطابق ایک سے ڈیڑھ ہزار کے قریب ہے۔

ماہرین کے مطابق 10 سے 15 ہزار میگا واٹ آف گرڈ کرنے سے آںے والے مہینوں میں پاکستان کے گھریلوں صارفین جو کہ 49 فیصد ہیں، ان کی بجلی کی قیمت مزید کم ہو جائے گی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More