پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی شکست، لاہور قلندرز نے 88 رنز سے میدان مار لیا

اردو نیوز  |  May 02, 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں سیزن کے 19ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی ہے۔ 

بدھ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے 210 رنز کے ہدف میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ رواں ایونٹ میں ناقابل شکست تھی۔

اسلام آبا یونائیٹڈ کی جانب سے ایندریس گوس 41 ، سلمان آغا 36، شاداب خان 13 اور نسیم شاہ 11 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں جاسکے۔

ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے چار، سکندر رضا نے تین اور شاہین شاہ آفریدی، آصف آفریدی اور ٹام کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے تھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ان کے علاوہ سکندر رضا 39، ڈیرل مچل 28، محمد نعیم 25، عبداللہ شفیق 22 اور آصف علی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ سیم بِلنگز 17 گیندوں پر 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم اور جیسن ہولڈر نے دو، دو جبکہ بین ڈوارشوئس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پی ایس ایل 10 میں دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ اس سے قبل آمنے سامنے آئی تھیں جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے آٹھ وکٹوں سے میدان مار لیا تھا۔

اس میچ سے قبل پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ ناقابلِ شکست تھی تاہم اس شکست کے باوجود وہ پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ لاہور قلندرز آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے سے دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم 

اس میچ میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بِلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، ٹام کرن، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور آصف آفریدی لاہور قلندرز کا حصہ تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم

اس میچ میں صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، عماد وسیم، حیدر علی، جیسن ہولڈر، آندرے گوس، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، بین ڈوارشوئس، نسیم شاہ اور حنین شاہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شامل تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More