پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری محمد حسن سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں علاقائی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار نے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں، بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز پراپیگنڈے اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے جیسے اقدامات کو سختی سے مسترد کیا۔ انہوں نے ان اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
ڈپٹی وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، تاہم واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ملائیشین وزیر خارجہ داتو سری محمد حسن نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور تمام فریقین پر تحمل سے کام لینے کی اپیل کی۔ دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔