اسحاق ڈار کا سعودی ڈپٹی وزیر خارجہ سے رابطہ، امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا

اردو نیوز  |  May 11, 2025

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو سعودی ڈپٹی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ٹیلیفون کیا اور پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔

سنیچر کو وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

 اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں انہوں نے گذشتہ رات انڈیا کی جارحیت اور پاکستان کے جواب پر بریفنگ دی۔

وزارت خارجہ کے مطابق ’چین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے تحمل اور مشکل حالات میں ذمہ دارانہ رویے کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کا سٹریٹجک کواپریٹو پارٹنر اور دوست ملک ہے، اور خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔‘

 مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے کی اہمیت پر زور دیا اور آنے والے وقت میں تعاون کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More