پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا میچ دیکھنے کے لیے آرمی چیف جنرل عاصم منیر راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ گئے جنہیں دیکھ کر تماشائیوں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔
پاک بھارت کشیدگی کے بعد پی ایس ایل کے پہلے روز میچ کے آغاز پر شہدا کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ پہلی اننگز کے اختتام پر پی سی بی نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ پی سی بی نے پی ایس ایل کے پہلے تین دن افواج پاکستان کے نام کرنے کا اعلان کیا۔
پہلادن آرمی،دوسرادن نیوی اور تیسرادن ایئر فورس کے نام کر دیا گیا۔ تقریب میں معروف گلوکاروں نے ملی نغموں گائے جن سے شائقین کرکٹ بہت محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اور وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے۔