چار ملکی دورے کا پہلا مرحلہ، وزیراعظم ترکی کیلئے روانہ ہوگئے

سچ ٹی وی  |  May 25, 2025

بھارت کے خلاف کامیاب بنیان مرصوص آپریشن کے بعد پہلی بار وزیر اعظم شہباز شریف چار ملکی سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ روانہ ہوگئے۔ اے پی پی اردو کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی ہیں۔

پرائم منسٹر آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 25 سے 30 مئی 2025 تک ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔

بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

شہباز شریف 29-30 مئی 2025 کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران ترکیہ نے پاکستان کی کھل کر حمایت کا اعلان کیا۔ ترکیہ اور آذربائیجان کی آپریشن بنیان مرصوص کی حمایت پر بھارت سیخ پا ہوگیا اور سفارتی تعلقات خراب کرنے پر تُل گیا۔

بھارتی تاجروں نے ترکیہ اور آذربائیجان کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا جبکہ ترکیہ کی کمپنی کو جھوٹے سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر آپریٹ کرنے سے روک دیا۔

بھارتی ای کامرس پلیٹ فارمز نے ترک کپڑوں کی فروخت بند کر دی جبکہ بھارت میں ترک سیب اور ماربل کی بھارت میں تجارت شدید متاثر ہیں۔

مودی کا جنونی ایجنڈا تعلیمی اداروں پر بھی مسلط کرتے ہوئے ترکیہ سے تعلیمی روابط منقطع کر دیے اور مودی سرکار کے دباؤ پر جے این یو، جامعہ ملی اور اردو یونیورسٹی نے ترکیہ سے تعلیمی تعلقات منقطع کر دیے۔

ترک و آذری لوکیشنز پر فلموں کی شوٹنگ ممنوع قرار دے دی گئی اور بھارتی پروڈکشن ہاؤسز کو وارننگ جاری کر دی۔

بھارتی گلوکاروں اور فلمی مواد سے پاکستانی فنکاروں کی تصاویر ہٹا دی گئیں، بی جے پی رہنما نے کہا کہ ترکیہ و آذربائیجان سے کاروبار کرنے والی کمپنیوں کا بھی بائیکاٹ ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More