واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کیلیے چیٹ میڈیا ہب نامی نیا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے تصاویر، ویڈیوز، جفس، ڈاکیومنٹس اور لنکس ایک ہی جگہ پر نظر آئیں گے۔
واٹس ایپ کی تازہ معلومات شائع کرنے والی ایک ویب سائٹ ’ویبیٹا انفو‘ کے مطابق واٹس ایپ ویب کے لیے ایک نیا فیچر تیار کر رہا ہے جس کا نام "چیٹ میڈیا ہب” ہے۔
اس فیچر کا مقصد یہ ہے کہ آپ کو ہر چیٹ میں الگ الگ جا کر تصاویر، ویڈیوز، ڈاکیومنٹس، لنکس وغیرہ تلاش نہ کرنے پڑیں۔ بلکہ یہ سب چیزیں ایک ہی جگہ پر جمع کر دی جائیں گی تاکہ آپ انہیں آسانی سے دیکھیں اور مینج کر سکیں۔
چیٹ میڈیا ہب ایک نیا سیکشن ہوگا جو واٹس ایپ ویب کی سائیڈبار میں شامل کیا جائے گا۔ ویب کلائنٹ میں سائیڈ بار میں ایک نیا بٹن ہوگا، جس پر کلک کرنے سے یہ میڈیا ہب کھل جائے گا۔
مذکورہ فیچر کی بدولت تمام میڈیا فائلز ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں گی، چاہے وہ کسی بھی چیٹ سے شیئر کی گئی ہوں۔
اگر آپ کو یاد ہے کہ آپ نے کوئی تصویر یا فائل کسی کو بھیجی تھی، لیکن آپ کو یہ یاد نہیں کہ وہ کس چیٹ میں تھی، تو آپ کو اب ہر چیٹ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بس "میڈیا ہب” کھولیں اور وہاں سے وہ چیز آسانی سے ڈھونڈ لیں۔
فی الحال یہ فیچر ابتدائی مرحلے میں ہے اور بیٹا ورژن میں بھی دستیاب نہیں, واٹس ایپ نے اس کی حتمی ریلیز کی کوئی تاریخ تو نہیں دی، تاہم امکان ہے کہ یہ جلد ہی عام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔