بھارتی ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے پاکستان کے ساتھ جنگ میں رافیل طیاروں کی تباہی پر نریندر مودی سے جواب مانگ لیا۔ انڈین میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی مجرمانہ خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی 140 کروڑ بھارتی عوام کو بتائیں کہ پاکستانی فوج نے بھارت کے کتنے رافیل طیارے مار گرائے تھے؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ جنگ میں جانے سے قبل آل پارٹی میٹنگ بلائی تھی تو مسلح تصادم کو ختم کرنے سے پہلے ایسا کیوں نہیں کیا؟
’سکندرآباد چھاؤنی کے سپاہیوں نے جنگ میں حصہ لیا، تلنگانہ میں تیار ہونے والے جنگی طیاروں نے ہمارے ملک کی عزت کو برقرار رکھا۔ نریندر مودی کے لائے ہوئے رافیل طیارے کو پاکستان نے مار گرایا۔
کتنے رافیل طیارے مار گرائے اس پر کوئی بحث نہیں ہے۔‘
وزیر اعلیٰ تلنگانہ نے نے الزام لگایا کہ کروڑ روپے کے ٹھیکے مودی کے قریبی لوگوں کو دیے گئے جنہوں نے پھر رافیل طیارے خریدے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئر قائدین ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور میناکشی نٹراجن نے صرف ایک بات کہی کہ جب قومی سلامتی کی بات آتی ہے تو سب کو اکٹھا ہونا چاہیے اور اسی کے مطابق این ڈی اے حکومت کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ لڑائی کے دوران اس کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
’چار دن کی جنگ کے بعد ہمیں نہیں معلوم کہ کس نے کس کو دھمکی دی اور کس نے کس کے آگے جان دے دی۔ جنگ روک کر وزیر اعظم نے 140 کروڑ بھارتیوں کی عزت نفس مجروح کی۔‘