نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، پاکستانی نژاد کرکٹر بھی شامل

اردو نیوز  |  Jun 03, 2025

نیوزی لینڈ کرکٹ  بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹس 2025-26 کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستانی نژاد کرکٹر سمیت متعدد نئے چہرے شامل ہیں جبکہ بڑے نام باہر ہو گئے ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر مچل ہَے اور پاکستانی نژاد آل راؤنڈر محمد عباس ان چار نئے کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں 2025-26 کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ سال کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔ 

فاسٹ بولر زیک فولکس اور لیگ سپنر آدھی اشوک کو بھی پہلی بار قومی ریٹینر لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں مجموعی طور پر 20 کھلاڑی شامل ہیں۔

کین ولیمسن نے اس بار کنٹریکٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹِم سیفرٹ اور لاکی فرگوسن بھی کنٹریکٹ لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ان کھلاڑیوں کے ساتھ عارضی بنیادوں پر کھیلنے کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

گزشتہ سال کے کنٹریکٹ ہولڈرز میں سے ایش سودھی، اعجاز پٹیل اور جوش کلارکسن اس فہرست سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ ٹِم ساؤتھی نے حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

نئے شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں سے مچل ہَے نے رواں سال پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ناقابلِ شکست 99 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جبکہ محمد عباس نے اسی سیریز میں صرف 24 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ون ڈے ڈیبیو پر سب سے تیز ففٹی کا ریکارڈ قائم کیا۔

زیک فوکس اب تک دس ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں اور گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف انہوں نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ اشوک نے 2023 میں تین بین الاقوامی میچز کھیلے تھے، جبکہ وہ مارچ میں پاکستان کے خلاف سکواڈ کا حصہ بھی رہے۔ حالیہ دورہ بنگلہ دیش میں نیوزی لینڈ اے ٹیم کی جانب سے انہوں نے چار روزہ میچ میں 54 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں اور متاثرکن کارکردگی دکھائی۔

Congratulations to Muhammad Abbas, Adi Ashok, Zak Foulkes and Mitch Hay who have all accepted their first BLACKCAPS central contractsStory | https://t.co/fPWWu82opD pic.twitter.com/DyAu66hsu4

— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) June 3, 2025

یہ کنٹریکٹ لسٹ ایک پینل نے مرتب کی جس میں ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ بھی شامل تھے۔ وہ وائٹ بال کوچنگ سے دستبردار ہو چکے ہیں اور جلد یہ فیصلہ متوقع ہے کہ آیا وہ ٹیسٹ کوچ کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے یا نہیں۔

آنے والے کنٹریکٹ سائیکل میں نیوزی لینڈ کا ٹیسٹ شیڈول نسبتاً ہلکا ہے، جس میں جولائی کے آخر سے زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ (جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ نہیں ہیں) اور کرسمس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ہوم ٹیسٹ شامل ہیں۔ اگلے سال انڈیا اور سری لنکا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ ترجیح ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے سی ای او سکاٹ وینِنک نے کہا ’مچ، محمد، آدی اور زَیک کے ساتھ کنٹریکٹ ہماری کرکٹ سسٹم سے ابھرنے والے شاندار ٹیلنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور ان کی ٹیم کے لیے کھیلنے کی لگن بہت متاثرکن ہے۔ یہ فہرست ہماری ٹیلنٹ پول کی گہرائی اور ورسٹیلٹی کو ظاہر کرتی ہے۔‘

نیوزی لینڈ مینز ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ ہولڈرز محمد عباس، آدتیہ اشوک، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، جیکب ڈفی، زَیک فولکس، مچ ہَے، میٹ ہنری، کائل جیمی سن، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، ہنری نکولس، وِل او’ رورک، گلین فلپس، راچن رویندرا، مچل سینٹنر، بین سیئرز، نیتھن اسمتھ، وِل یَنگ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More