ٹرمپ نے ایران پر حملے کی منظوری دیدی، امریکی اخبارکا دعویٰ

ہماری ویب  |  Jun 19, 2025

امریکی اخبار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے کی منظوری دیے جانے کا دعویٰ کردیا۔ وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی شب سینئر مشیروں کو بتایا کہ انہوں نے ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری دے دی تاہم حتمی حکم نہیں دیا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کرتا ہے یا نہیں۔ مذکورہ رپورٹ گزشتہ روز وال اسٹریٹ جرنل نےمختلف ذرائع کے حوالے سے شائع کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی اہم جوہری تنصیب فردو امریکی حملے کا ممکنہ ہدف ہے، جو ایک پہاڑ کے اندر واقع ہے۔ عسکری ماہرین کے مطابق صرف انتہائی طاقتور بم سے ہی اسے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

گزشتہ روز امریکی صدر نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کےفیصلے سے متعلق پوچھنے پر جواب دیا تھا کہ امریکا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرے گا یا نہیں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہو رہا ہے، ابھی کچھ ختم نہیں ہوا، ہم ایران پر حملہ کر بھی سکتے ہیں یا نہیں بھی کر سکتے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کو 60 دن دیے تھے، ایران کو کئی بار جوہری معاہدے کا کہا گیا، پہلے دور میں بھی کہا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔

بعد ازاں امریکی صدر نے قومی سلامتی ٹیم سے ملاقات کے بعد گفتگو میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، ایران کے ساتھ ڈیل اب بھی ہوسکتی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ کوئی نہیں جانتا کہ میں کیا کرنے جارہا ہوں، اگلا ہفتہ اہم ہے، اَن کنڈیشنل سرنڈر کا مطلب ہے کہ ایران یہ کہے بس بہت ہوگیا، ہم ہار مانتے ہیں، اس کے بعد ہم وہاں جاکر تمام جوہری سامان تباہ کردیں گے۔

دریں اثناء ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالے گا اور خبردار کیا کہ امریکی فوجی مداخلت کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More