خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام کالام کی ایک جھیل میں کشتی اُلٹنے کے بعد اُس میں سوار 10 افراد پانی کے تیز بہاؤ کے باعث دریا میں بہہ گئے۔ضلع سوات کے پولیس کنٹرول نے اردو نیوز کو رابطہ کرنے پر بتایا کہ سوات کی وادی اتروڑ شاہی باغ کے جھیل میں کشتی اُلٹنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد بہہ گئے تھے۔پولیس کنٹرول کے انچارج کا کہنا تھا کہ ’حادثے کا شکار ہونے والے افراد سیاح نہیں تھے بلکہ مقامی لوگ تھے جو سیر کے لیے آئے تھے۔‘انہوں نے بتایا کہ کشتی الٹنے کے بعد مقامی لوگوں نے پانی کے تیز بہاؤ سے پانچ افراد کو بچا لیا جبکہ تین بہہ گئے۔’دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، باقی تین لاپتہ ہیں جن میں دو بچے ہیں۔‘پولیس کے مطابق مقامی ریسکیو اہلکار دریا میں بہہ جانے والے لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔پولیس کنٹرول کے انچارج کے مطابق علاقے میں بارشوں کی وجہ سے دریا میں پانی کا بہاؤ تیز ہے۔پاکستان کے میدانی علاقوں میں ان دنوں شدید گرم موسم کے باعث ملک بھر سے ہزاروں افراد سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں جہاں ناقص حفاظتی اقدامات اور سیاحوں کی لاپروہی کے باعث حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام ناران میں ایک گلیشیئر کے قریب تصاویر بنانے کے دورن حادثے پیش آیا تھا۔اس حادثے میں گلیشیئر تلے دب کر لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔