پاکستان کوسٹ گارڈز نے عالمی دن کے موقع پرضبط کی گئی اربوں روپے مالیت کی منشیات نذرآتش اور تلف کردی۔
ہر سال26 جو ن کو منشیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد اقوام عالم کو اسمگلنگ اور منشیات کے نقصانات سے آگاہی دلانا اور منشیات کو تلف کرنا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے پاکستان کوسٹ گارڈز نے اسکول اور کالج کے طلبا و طالبات کو بھی منشیات کے استعمال سے پہنچنے والے نقصانات سے آگاہی فراہم کی اور کراچی میں حسن شاہ مزار کے قریب ممنوعہ اسمگل شدہ اشیاء اور منشیات جلانے کا اہتمام کیا۔
علاوہ ازیں رواں برس پاکستان کوسٹ گارڈز کے زیر اہتمام گوادر، اوتھل اور کراچی میں نذر آتش اور تلف کی گئی اسمگل شدہ اشیاء اور منشیات میں 10862 کلو گرام چرس، 80 کلو گرام کرسٹل، 1758 کلو گرام ہیروئن، 117 کلو گرام آئس، 150 کلو گرام بھنگ جبکہ 2888 بوتل شراب اور 2402 ٹن بیئر شامل ہے، جلائی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 329 ملین ڈالرکے لگ بھگ ہے۔
واضح رہے پاکستا ن کوسٹ گارڈز ہر سال منشیات نذر آتش کرنے کا اہتمام کرتی ہے تاکہ معاشرے میں اس ناسور کے خلاف آگاہی اجاگر کرسکے اور اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ آئندہ بھی منشیات کی روک تھام کے لیے ہمہ تن مصر وف عمل رہے گی تاکہ وطن عزیز کو منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کے نقصانات سے محفوظ رکھا جاسکے۔