بالی وُڈ کے مشہور اداکار وکی کوشل نے فلم انڈسٹری میں 10 سال مکمل کر لیے ہیں۔
دوسری طرف کرینہ کپور نے بھی فلم انڈسٹری میں 25 برس مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر ’بالی وُڈ رپورٹرز‘ نے دونوں فلم سٹارز کی بیٹھک کا اہتمام کیا جس میں دونوں نے اپنی ذاتی زندگی، فلمی سفر اور دوسرے امور پر خیالات کا اظہار کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق وکی کوشل نے اپنی بے تکلف گفتگو میں اپنی نجی زندگی کے دلچسپ پہلو پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ کترینہ کیف ان کے پیشہ وارانہ کام (ادکاری، فلم) پر کھل کر اور بے لاگ رائے دیتی ہیں لیکن جب ان کی اپنی باری آتی ہے تو وہ اپنے کام پر ایمان دارانہ رائے اور تنقید کا خیر مقدم نہیں کرتیں۔
وکی کوشل نے بتایا کہ ’کترینہ کیف بہت صاف گو ہیں، وہ جو محسوس کرتی ہیں وہ کہہ دیتی ہیں البتہ کبھی کبھی وہ تھوڑا نرمی برتتی ہیں کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ کسی بھی کام میں بہت محنت لگتی ہے، ایسے میں حساسیت بھی ضروری ہے لیکن عمومی طور پر وہ سچ بولتی ہیں جو مجھے بہت پسند ہے۔ فلم کی نمائش کے بعد ایسی سچی رائے بہت کم ملتی ہے۔‘
جب کرینہ کپور نے جوابا کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر سیف علی خان بھی ایسی مثبت تنقید قبول کریں تو وکی کوشل نے فوراً کہا کہ ’ہمارے یہاں بھی معاملہ کچھ ایسا ہی ہے، کترینہ بھی نہیں چاہتیں کہ اُن پر ایسی تنقید ہو، پہلا ردعمل ہمیشہ حوصلہ افزائی کا ہونا چاہیے۔‘
وکی کوشل کے انکشاف پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ ردعمل دیا ہے کہ کترینہ کیف اپنے شوہر پر کھل کر تنقید کرتی ہیں لیکن خود سننے کے معاملے میں صرف تعریف کی توقع رکھتی ہیں۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’اگر آپ دوسروں پر تنقید کرتے ہیں تو خود پر بھی تنقید سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔‘
ایک اور نے کہا کہ ’کترینہ ہمیشہ سے تنقید برداشت کرنے میں حساس رہی ہیں۔‘
ایک صاحب لکھا کہ ’وہ دوستوں کے گروپ میں وہ شخصیت ہیں جو سب پر جملے کستے ہیں مگر خود پر کوئی بات برداشت نہیں کرتیں۔‘
یاد رہے کہ وکی کوشل کی آخری فلم ’چھاوا‘ تھی جو رواں سال کے آغاز میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ کترینہ کیف کو آخری بار 2024 میں ’میری کرسمس‘ میں دیکھا گیا تھا۔