وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار کے گھر آمد، ’ماضی کی یادیں تازہ کیں‘

اردو نیوز  |  Jun 30, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے طویل عرصے سے سیاسی منظرنامے سے غائب رہنے والے سیاسی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے بیان کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعظم نے چودھری نثار سے ان کی خیریت دریافت کی اور اس دوران ملکی اور عالمی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

بیان کے مطابق ’یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ماضی کی یادیں تازہ کیں۔‘

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سات ستمبر 2024 کو چوہدری نثار علی خان سے ان کے گھر میں ملاقات اور ان کی بہن کی وفات پر تعزیت کی تھی۔

چوہدری نثار علی خان 34 برس تک مسلم لیگ ن سے وابستہ رہے اور اس دوران وہ وفاق میں اہم وزارتوں پر بھی فائز رہے۔

انہوں نے سنہ 2018 میں مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کر لی تھیں جب انہوں نے اپنی ہی قیادت کے خلاف پانامہ لیکس کے بعد کھل کر بولنا شروع کر دیا اور مریم نواز کو ’بچہ‘ قرار دیتے ہوئے انہیں لیڈر ماننے سے انکار کر دیا تھا۔

مسلم لیگ ن سے الگ ہونے کے بعد چوہدری نثار علی خان نے پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے 34 برس تک نواز شریف کا بوجھ اٹھایا ہے۔‘

سنہ 2018 میں چوہدری نثار علی خان نے عام انتخابات میں راولپنڈی کے قومی اسمبلی کے دو حلقوں (این 59 اور این اے 63) اور صوبائی اسمبلی کے دور حلقوں (پی پی 10 اور پی پی 12) سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

یہ تین دہائیوں میں پہلا موقع تھا کہ چوہدری نثار کو قومی اسمبلی میں پہنچنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس وقت انہوں نے پنجاب اسمبلی کی ایک نشست حلقہ (پی پی10) پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن اپنے عہدے کا حلف تین برس بعد مئی 2021 میں اٹھایا تھا۔

چوہدری نثار علی خان نے سب سے پہلے 1985 کے غیرجماعتی انتخابات میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے بعد سے وہ سنہ 2013 تک مسلسل فتح یاب ہوتے رہے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More