مون سون شروع ہونے کے بعد سے 45 ہلاک، 68 زخمی، مزید الرٹس جاری

اردو نیوز  |  Jun 30, 2025

مون سون شروع ہونے کے بعد سے اب تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں کم سے کم 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے کیے بیان کے مطابق ملک میں 26 جون کو مون سون شروع ہوا تاہم اس سے قبل بھی بعض علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔

  اس وقت بھی ملک کے بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ ابھی مزید کچھ روز چلے گا۔

شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں بہنے والے دریاؤں کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب بھی آئے۔

ہلاکتوں کی یہ تازہ ترین اطلاع جاری کرنے کے ساتھ ساتھ این ڈی ایم اے نے ایک روز قبل ہی مزید الرٹس بھی جاری کیے۔

اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پانچ جولائی تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے اتوار کو جاری کیے ایک بیان میں تمام صوبائی اور ضلعی ایڈمنسٹریشنز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار رکھیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ’مکمل منصوبہ بندی کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مقامی زبانوں میں انتباہی اعلانات کرنے کا بھی انتظام کیا جائے۔‘

پچھلے ہفتے دریائے سوات میں 12 سیاح بہہ گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

اتھارٹی کی جانب سے عوام خصوصاً حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ موسم کی صورت حال کے حوالے سے باخبر رہیں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

بیان کے مطابق ’ندیوں، دریاؤں کے کنارے اور سیلاب زدہ سڑکوں پر غیرضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔‘

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے اب تک مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 68 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں 23 بچے، 12 مرد اور 10 خواتین شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 21 ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں، جبکہ پنجاب میں 13، سندھ میں سات اور بلوچستان میں چار افراد جان سے گئے۔

زخمیوں کی سب سے زیادہ تعداد 39 پنجاب میں سامنے آئی ہے۔

سندھ میں 16، خیبر پختونخوا میں 11 جبکہ بلوچستان میں دو افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں سیلاب کی وجہ سے ہوئی جبکہ اس کے بعد کرنٹ لگنے، بجلی گرنے اور دوسرے عوامل کی وجہ سے ہوئیں۔

پچھلے ہفتے دریائے سوات میں شدید طغیانی کی وجہ سے 12 سیاح بہہ گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر کی لاشیں تلاش کر لی گئی تھیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More