جدید دور کی جنگیں پرانے ہتھیاروں سے نہیں جیتی جا سکتیں: انڈین جنرل

اردو نیوز  |  Jul 18, 2025

انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا ہے کہ ’جدید جنگیں پرانے ہتھیاروں سے جیتی نہیں جا سکتیں۔‘

ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈین جنرل نے فوج کے لیے جدید ہتھیاروں کے حصول اور اُن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’آج کی جنگیں آنے والے کل کے ہتھیاروں سے لڑی جاتی ہیں‘ نہ کہ متروک شدہ اسلحے کے ذریعے۔

نئی دہلی میں ڈرونز ٹیکنالوجی سے متعلق ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انڈین فوج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے جنگوں میں جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو کامیابی کی ضمانت قرار دیا۔

جنرل انیل چوہان نے کہا کہ سٹریٹجک نوعیت کے مشنز میں غیرملکی ٹیکنالوجی پر انحصار کو کم کرنا چاہیے۔ ’ہم آج کی جنگیں پرانے دور کے ہتھیاروں سے نہیں جیت سکتے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’درآمد شدہ ٹیکنالوجی پر انحصار ہماری تیاریوں کو کمزور کرتا ہے۔‘

مئی میں انڈیا کے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل چوہان نے کہا کہ پاکستان نے سرحد کے پار سے غیرمسلح ڈرونز اور ہتھیار استعمال کیے، اُن میں سے زیادہ تر کو متحرک اور ساکت ذرائع سے بے اثر کیا گیا تھا۔‘

جنرل چوہان نے مزید کہا کہ ’اُن ڈرونز میں سے کسی نے بھی انڈیا کے فوجی یا سویلین انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔‘

جدید تنازعات میں ڈرون کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے کہا کہ ’حالیہ تنازعات نے بتا دیا کہ ڈرون کس طرح غیرمتناسب طریقے سے حکمت عملی کے توازن کو بدل سکتے ہیں۔ ان کا استعمال صرف ایک امکان نہیں بلکہ حقیقت ہے جس کا ہم پہلے ہی سامنا کر رہے ہیں۔‘

جنرل انیل چوہان نے ابھرتے ہوئے فضائی خطرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے متحرک اور ساکن دونوں ٹیکنالوجیز کے استعمال سے تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ اہم ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو مقامی طور پر بنایا جانا چاہیے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More