پاکستان کے محکمہ موسمیات نے 23 جولائی کی رات سے 24 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔بدھ کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شدید بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد اور بونیر کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں چار چار جبکہ گلگت بلتستان میں دو افراد ہلاک ہوئے۔‘
حکام نے چارسدہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، شمال مشرقی پنجاب، پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر اور بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔عوام الناس کو احتیاط کی ہدایتشدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیرِآب آنے کاخدشہ ہے۔موسلادھار بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا، مری، گلیات، پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔شدید بارشوں، آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر (کچے گھروں/دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔بدھ کو پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب،گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔جمعرات کو پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب،گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسادھار بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے (فائل فوٹو: ریسکیو 1122)
اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں شدید بارش کا امکان ہے۔ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔بدھ اور جمعرات کی رات اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔مون سون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاریپاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) نے بدھ کو حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 13 افراد ذخمی ہوئے، مرنے والوں میں پانچ بچے، تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔‘
مون سون کی بارشوں سے ملک بھر میں اب تک 252 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں چار چار جبکہ گلگت بلتستان میں دو افراد ہلاک ہوئے۔‘مون سون کی بارشوں سے ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 252 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔پنجاب میں 139، خیبر پختونخوا میں 60، سندھ میں 24، بلوچستان میں 16، گلگت بلتستان میں پانچ، پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں دو جبکہ اسلام آباد میں چھ اموات ہوئیں۔ مرنے والوں میں 121 بچے، 46 خواتین جبکہ 85 مرد شامل ہیں، بارشوں سے اب تک 611 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں میں 202 بچے، 170 خواتین جبکہ 239 مرد شامل ہیں۔پنجاب میں حالیہ بارشوں سے 477، خیبر پختونخوا میں 74، سندھ میں 40، بلوچستان میں چار، پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں نو، گلگت بلتستان میں چار جبکہ اسلام آباد میں تین افراد زخمی ہوئے۔مون سون بارشوں کے دوران ملک بھر میں 1005 مکانات تباہ ہوئے، ان میں سے 781 مکانات جُزوی جبکہ 224 مکمل طور پر تباہ ہوئے۔