انڈیا نے ’معرکہ حق‘ میں شکست کھانے کے بعد پاکستان مخالف ’پراکسی وار‘ تیز کر دی: آرمی چیف

اردو نیوز  |  Jul 30, 2025

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ انڈیا نے ’معرکہ حق‘ کے دوران پاکستان سے شکست کھانے کے بعد اپنی پراکسی وار تیز کر دی ہے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 16ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے بات چیت کی۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان کے سٹیک ہولڈرز کے متنوع گروپ سے خطاب کیا جن میں پارلیمنٹیرینز، سول سوسائٹی کے نمائندے، سرکاری ملازمین، ماہرین تعلیم، میڈیا کے نمائندے اور نوجوان شامل تھے۔

’آرمی چیف نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور قومی ہم آہنگی اور انضمام کے لیے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے ناگزیر ہونے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی فوج کے سربراہ نے ’انڈیا کی جانب سے دہشت گردی کی پراکسیوں کی کھلم کھلا سرپرستی کی شدید مذمت کی، اور انہیں بلوچستان کے لوگوں کی گہری حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش قرار دیا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ معرکہ حق میں شکست کھانے کے بعد انڈیا نے اب اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی پراکسی جنگ کو تیز کیا ہے، انہوں نے پاکستان کے خلاف انڈیا کی ہائبرڈ جنگ کے پیادوں خاص طور پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کا حوالہ دیا۔‘

پاکستان کے آرمی چیف نے کہا ’ان پراکسیوں کو اسی طرح کے انجام اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا جیسا کہ معرکہ حق میں ہوا۔‘

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں کا مذہب، فرقے یا نسل سے کوئی سروکار نہیں۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے اجتماعی عزم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ایک متحد قومی ردعمل کو ناگزیر قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے خطاب میں آرمی چیف نے بلوچستان میں ترقیاتی اقدامات کے اہم کردار پر روشنی ڈالی، محکموں کے درمیان تعاون بڑھانے اور صوبائی ترقی اور قومی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مربوط قومی نقطہ نظر کی وکالت کی۔

’علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے، قومی وقار کے تحفظ اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قوم کی تیاری پر زور دیا۔‘

بیان کے مطابق ورکشاپ کے شرکاء اور چیف آف آرمی سٹاف کے درمیان سوال و جواب کے بعد سیشن اختتام پذیر ہوا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More