سرکاری حج پر ساڑھے 11 سے ساڑھے 12 لاکھ روپے اخراجات، ’رقم دو اقساط میں ادا کرنا ہوگی‘

اردو نیوز  |  Jul 30, 2025

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے حج پالیسی 2026 کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت سرکاری حج کے لیے ساڑھے 11 سے ساڑھے 12 لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔

بدھ کو وفاقی وزیر مذہبی امور نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت چار اگست سے حج واجبات کی وصولی شروع کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ عازمین حج کے لیے پہلی قسط پانچ لاکھ روپے کی ہوگی، جبکہ انتخاب پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزارت حج کے نامزد بینکوں میں رقوم بھجوا سکتے ہیں۔

سردار یوسف نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے کوٹے کے حوالے سے ابھی حتمی اعلان ہونا باقی ہے، جبکہ پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔

ان کے مطابق پرائیویٹ حج کا کوٹہ کم کیا ہے تاکہ وہ اسے استعمال کر سکیں اور بہتر سروس فراہم کر سکیں۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز کی پرفارنس بہتر ہوئی تو کوٹہ بڑھانے پر غور ہو سکے گا۔ پرائیویٹ حج کے لیے شفافیت اور سعودی عرب میں رقوم بروقت جمع کرانے کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

مزید بتایا کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کے حج پر پابندی ہوگی۔ عازمین کے لیے سعودی عرب سے منظور شدہ ویکسین لگانا لازمی ہوگا اور روڈ ٹو مکہ حج کی سہولت اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر میسر ہوگی۔

وزیر نے کہا کہ عازمین کو حج سے متعلق مکمل تربیت دی جائے گی جس میں لاجسٹک، حج کے طریقہ کار لباس اور دیگر امور شامل ہوں گے۔

حج کے لیے ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ مالیاتی نگرانی کا موثر نظام لاگو کیا جائے گا اور حج ناظم سکیم جاری رکھی جائے گی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More