ٹائٹن کو تباہ ہونے سے روکنا ممکن تھا۔۔ امریکی کوسٹ گارڈ کی رپورٹ کا انکشاف

ہماری ویب  |  Aug 06, 2025

امریکہ کی کوسٹ گارڈ نے اپنی دو سالہ تحقیقات کے بعد اووشن گیٹ کی آبدوز "ٹائٹن" کی ہلاکت خیز تباہی کو قابلِ گریز قرار دیا ہے۔ پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد یہ رپورٹ پانچ اگست کو جاری کی گئی، جو کہ تین سو صفحات پر مشتمل ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ "یہ واقعہ روکا جا سکتا تھا" اور اس کی بنیادی وجہ اووشن گیٹ کی جانب سے حفاظتی، تجرباتی اور مرمتی عمل کے طے شدہ انجینئرنگ اصولوں کی خلاف ورزی تھی۔

یاد رہے کہ جون 2023 میں یہ آبدوز مشہور ٹائی ٹینک کے ملبے تک سیاحتی مشن پر روانہ ہوئی تھی جب گہرے سمندر میں یہ دھماکے سے تباہ ہو گئی۔ اس حادثے میں اووشن گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش سمیت پاکستانی بزنس مین شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان، برطانوی ارب پتی ہیمش ہارڈنگ اور فرانسیسی محقق پال ہینری نارگیولے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

کوسٹ گارڈ کی رپورٹ میں آبدوز کے ڈیزائن کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی کے سابق ڈائریکٹر آف انجینئرنگ نے کہا تھا کہ ٹائٹن کے ابتدائی ڈھانچے کی حالت کسی "ہائی اسکول پروجیکٹ" جیسی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اووشن گیٹ کے اندر ایک "زہریلا ادارہ جاتی ماحول" پایا جاتا تھا جہاں ملازمین کو حفاظتی خدشات پر آواز اٹھانے سے روکا جاتا تھا۔

یہ نتائج اس ہولناک سانحے کے پسِ پردہ کمپنی کی سنگین غفلت اور لاپروائی کو آشکار کرتے ہیں، جس سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور زیرِ آب سیاحت کی صنعت پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More