ٹرمپ کی کوششیں کامیاب، آذربائیجان اور آرمینیا میں مکمل جنگ بندی کا معاہدہ

ہماری ویب  |  Aug 09, 2025

واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے رہنماؤں کے درمیان مکمل جنگ بندی اور تجارتی تعاون کے لیے تاریخی معاہدہ طے پا گیا۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آرمینیا کے وزیرِاعظم نیکول پشینیان نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ صدر ٹرمپ نے بطور گواہ دستخط کیے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک بڑی جنگ کے دہانے پر تھے لیکن اب انہوں نے جنگ کے بجائے تجارت اور معیشت کو ترجیح دینے کا عزم کیا ہے۔ ان کے مطابق معاہدے میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں تعاون بھی شامل ہے، جبکہ آذربائیجان پر عائد فوجی تعاون کی پابندیاں ہٹا دی جائیں گی۔ ٹرمپ نے کہا میں جنگیں نہیں چاہتا، امن اور تجارت چاہتا ہوں۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے معاہدے کو امن کے لیے نیا راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا آغاز کریں گے۔ آرمینیا کے وزیرِاعظم نیکول پشینیان نے صدر ٹرمپ کے عالمی امن میں کردار کی تعریف کی۔

یہ معاہدہ اس طویل تنازع کے خاتمے کی سمت اہم پیش رفت ہے جو 1980 کی دہائی سے نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر جاری تھا۔ 1994 میں 6 سالہ جنگ کے خاتمے پر آرمینیا نے علاقے کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا لیکن 2020 میں آذربائیجان نے دوبارہ کچھ حصہ واپس حاصل کیا۔ اکتوبر 2023 میں آذربائیجان کے فوجی آپریشن کے بعد علیحدگی پسند گروہوں نے غیر مسلح ہوکر حکومت تحلیل کرنے اور آذربائیجان سے الحاق کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More