انڈیا میں 71ویں ’نیشنل فلم ایوارڈز‘ کے اعلان کے بعد ایوارڈ جیتنے والے بالی وُڈ ستاروں اور ان کے مداحوں کا جشن منانے کا سلسلہ جاری ہے۔
شوبز خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق جہاں کئی فنکاروں کا نام ایوارڈ جیتنے والی فہرست میں شامل ہے وہیں معروف اداکار شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ پر انہیں ملنے والا پہلا نیشنل ایوارڈ سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
دنیا بھر میں شاہ رخ خان کے مداح انہیں اپنے کیریئر کا پہلا نیشنل ایوارڈ جیتنے پر خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں لیکن کچھ لوگ ان کی اس جیت پر سوال بھی اٹھا رہے ہیں۔
ساؤتھ انڈین اداکارہ اروشی کو ملیالم زبان کی فلم ’الوزھُکو‘ میں سائیڈ رول ادا کرنے پر بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ ملا ہے تاہم انہوں نے شاہ رخ خان کو بہترین اداکار قرار دیے جانے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
56 سالہ اروشی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’میں اس بات پر حیران ہوں کہ آخر وہ کیا معیار تھا جس کی بنیاد پر شاہ رخ کو بہترین اداکار چنا گیا جبکہ تجربہ کار اداکار وجے راگون جنہوں نے فلم ’پوکالَم‘ میں جسمانی طور پر ایک مشقت طلب کردار نبھایا، انہیں صرف سپورٹنگ کیٹیگری میں رکھا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر مجھے کروڑوں بھی دیے جائیں، میں وہ کردار نہ کروں۔ لیکن وجے راگون نے اپنی عمر کے باوجود وہ کردار بخوبی نبھایا۔ کم از کم انہیں سپیشل مینشن کیٹیگری میں تو رکھا جانا چاہیے تھا۔‘
اروشی کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ نے وجے راگون اور شاہ رخ خان کی پرفارمنس میں کیا فرق کیا؟ ایک کو معاون اداکار بنا دیا اور دوسرے کو بہترین اداکار۔‘
اروشی ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی ایک مشہور اداکارہ ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)مکیش کھنہ کا شاہ رخ خان کے حق میں بیان
اداکار مکیش کھنہ نے اس تنازع پر ردِعمل دیتے ہوئے شاہ رخ خان کے ایوارڈ کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ شاہ رخ خان کو یہ ایوارڈ ’سوادیس‘ کے لیے ملنا چاہیے تھا، وہ یہ بھی یاد رکھیں کہ اے آر رحمان کو آسکر ایوارڈ ’جے ہو‘ کے لیے ملا نہ کہ ان کی پہلے کی خوبصورت دھنوں کے لیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’شاہ رخ خان پچھلے 40 سالوں سے محنت کر رہے ہیں تو اگر انہیں اب نیشنل ایوارڈ ملا ہے تو اس میں کیا برائی ہے؟‘
دوسری جانب اروشی نے فلم ’آڈوجیویتم‘ (دی گوٹ لائف) اور اداکار پرتھوی راج سکوما ران کو نظر انداز کیے جانے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس سال بہترین اداکارہ کا ایوارڈ مشترکہ طور پر کیوں نہیں دیا گیا؟
انہوں نے آخر میں کہا کہ ’ایوارڈ کوئی پنشن نہیں ہوتا۔ اگر آپ مجھے کچھ دے رہے ہیں، تو مجھے اسے لینے میں خوشی محسوس ہونی چاہیے۔‘