جھوٹے بیانات اور بدنامی.. صنم ماروری نے احمد شاہ کو 5 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

ہماری ویب  |  Aug 11, 2025

گلوکارہ صنم ماروی نے احمد شاہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا. کراچی کی ایک معروف وکلا ٹیم نے اپنی مؤکلہ صنم ماروی کے دفاع میں ہتک عزت کے سنگین الزامات پر قانونی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے احمد شاہ کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس کے مطابق، احمد شاہ نے جان بوجھ کر بدنیتی، جھوٹ اور ذاتی مفاد کے تحت صنم ماروی کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی مہم چلائی، جس سے ان کی عزت، وقار اور پیشہ ورانہ ساکھ کو شدید دھچکا پہنچا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جھوٹے اور نقصان دہ بیانات نے مؤکلہ کو ذہنی اذیت، پریشانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا، جس کے باعث انہیں اپنے مالی معاملات اور روزمرہ ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ وکیل کے مطابق، اس جھوٹی مہم کے نتیجے میں مؤکلہ کو نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ مواقع کھونے پڑے بلکہ انہیں قانونی مشاورت اور تنازع کے حل کے لیے اخراجات بھی برداشت کرنے پڑے۔

قانونی نوٹس میں احمد شاہ سے دو بڑے مطالبات کیے گئے ہیں: پہلا، عوامی سطح پر نمایاں انداز میں معافی مانگنا اور تسلیم کرنا کہ الزامات جھوٹے اور نقصان دہ تھے۔ دوسرا، 5 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنا، جو مؤکلہ کی تذلیل، نقصان اور تکلیف کا ازالہ ہو۔

نوٹس میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ اگر 7 دن کے اندر ہرجانہ ادا نہ کیا گیا تو مؤکلہ کو مجبوراﹰ سول اور فوجداری کارروائی شروع کرنا پڑے گی، جس کی مکمل ذمہ داری اور قانونی نتائج ملزم پر عائد ہوں گے۔ وکیل نے خبردار کیا ہے کہ مؤکلہ کے خلاف چلائی گئی بدنامی کی مہم فوری طور پر بند کی جائے، بصورت دیگر سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More