ٹرینیڈاڈ کے ٹاروبا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے کپتان شائے ہوپ کی شاندار 120 رنز کی اننگز اور جسٹن گریوز کے جارحانہ 43 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ ایون لوئس نے 37 اور روسٹن چیز نے 36 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پانچ بیٹرز بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے جن میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق شامل تھے۔ سلمان آغا 30 اور محمد نواز 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے ایک وکٹ لی۔
یہ 1989 کے بعد پہلی بار ہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔