آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ ، حسن نواز اور صائم ایوب کی بڑی چھلانگ، بابر اور رضوان کی تنزلی

ہماری ویب  |  Aug 06, 2025

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی کی ہے جبکہ سینیئر اسٹارز بابر اعظم اور محمد رضوان کی پوزیشنز میں کمی واقع ہوئی ہے۔

بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ابھیشک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر فائز ہیں، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے شاندار کارکردگی کے بعد 24 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 30ویں پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ صائم ایوب 25 درجے بہتری کے بعد 38ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اسی طرح صاحبزادہ فرحان نے 34 درجے ترقی پا کر 63ویں پوزیشن حاصل کی۔

مزید برآں کپتان سلمان علی آغا 15 درجے بہتری سے 76ویں اور تجربہ کار بیٹر فخر زمان 3 درجے ترقی کے ساتھ 78ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

بابر اعظم اور محمد رضوان تین تین درجے نیچے جا کر بالترتیب 17ویں اور 19ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ دورہ ویسٹ انڈیز میں ناکامی کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 21 درجے نیچے جا کر 86ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

بولنگ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 20 میں جگہ نہ بنا سکا۔ حارث رؤف بدستور 26ویں اور عباس آفریدی 3 درجے تنزلی کے بعد 27ویں نمبر پر آ گئے۔

تاہم لیفٹ آرم اسپنر صفیان مقیم نے 69 درجے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 34ویں پوزیشن حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ نیچے ہو کر 36ویں جبکہ محمد نواز 51 درجے بہتری کے بعد 56ویں نمبر پر آ گئے۔ابرار احمد 9 درجے تنزلی کے بعد 60ویں اور نائب کپتان شاداب خان 5 درجے نیچے آ کر 72ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آل راؤنڈر کیٹیگری میں صائم ایوب نے 70 درجے ترقی حاصل کرکے 24ویں نمبر پر جگہ بنا لی،محمد نواز 13 درجے ترقی کے ساتھ 36ویں، فہیم اشرف 5 درجے ترقی سے 77ویں، جبکہ عباس آفریدی اور افتخار احمد بالترتیب 56ویں اور 70ویں پوزیشن پر ہیں۔

بولنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلے، انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے اکھیل حسین تیسرے نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈر زمرے میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلے، نیپال کے دیپیندرا سنگھ ایری دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More