انڈیا پاکستان کی نیوکلیئر بلیک میلنگ برداشت نہیں کرے گا: نریندر مودی

اردو نیوز  |  Aug 15, 2025

انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر انڈیا پر مستقبل میں حملے ہوئے تو وہ اپنے پڑوسی کو سزا دے گا۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعہ کو انڈیا کے یوم آزادی کے موقع پر دلی کے لال قلعے میں خطاب کرتے ہوئے انڈین وزیراعظم نے کہا کہ انڈیا نے ایک ’نیو نارمل‘ کی بنیاد رکھی ہے جس میں دہشت گردوں اور دہشت گردی کی سہولت کاری کرنے والوں میں فرق نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان کی ’نیوکلیئر بلیک میلنگ‘ برداشت نہیں کرے گا۔

نریندر مودی نے کہا کہ انڈیا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جوہری دھمکیوں کو برداشت نہیں کرے گا۔ کافی عرصے سے ایٹمی بلیک میلنگ جاری ہے لیکن اب یہ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ انڈیا سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی برقرار رکھے گا۔

’انڈیا سے آنے والے دریا دشمنوں کی زمینوں کو سیراب کر رہے ہیں جبکہ میرے ملک کے کسانوں اور زمینوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ انڈیا نے اب فیصلہ کر لیا ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہیں گے۔‘

انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا بیان پاکستان اور انڈیا کے درمیان رواں برس مئی میں ہونے والی فضائی جھڑپوں کے لگ بھگ تین ماہ بعد سامنے آیا ہے۔

22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر شدت پسند حملے کے بعد انڈیا نے کہا تھا کہ 6-7 مئی کی درمیانی شب کو اس نے پاکستان میں شدت پسندوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا۔

اس آپریشن کو ’آپریشن سندور‘ کا نام دیا گیا، جس کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی تنازع شروع ہوا تھا۔

نریندر مودی نے اپنی تقریر میں انڈیا پر ٹرمپ ٹیرف کا براہِ راست ذکر نہیں کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ  وہ زراعت کے شعبے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

مودی کو اب خواب میں بھی پاکستانی افواج نظر آتی ہیں: پاکستانی وزیر دفاع

انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر ردعمل میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ’پاکستان نہ ہی نیوکلیئر بلیک میلنگ کر رہا ہے اور نہ ہی ہم اس پر یقین رکھتے ہیں ۔پاکستان کے اثاثے پاکستان کے دفاع کے لیے ہیں۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ ’نریندر مودی کو اب خواب میں بھی پاکستان اور پاکستانی افواج نظر آتی ہیں اور وہ بنیادی طور پر اپنے ووٹرز کو مطمئن کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نریندر مودی کے لیے دوسری جنگ انڈیا کے اندر نظر آ رہی ہے۔ انڈین شہری خود کہہ رہے ہیں کہ نریندر مودی کا رویہ ایسا تھا کہ جنگ تک کی نوبت آ گئی۔‘

’نریندر مودی کے ہاتھوں انڈیا اپنا مقام کھو بیٹھا ہے ۔ انڈیا میں نریندر مودی کی ناکامی ان کی اپوزیشن کے لیے ایک موقع ہے۔ انڈیا کے اندرونی معاملات سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More