انڈیا چین سرحدی تنازع، مذاکرات کے لیے چینی وزیر خارجہ پیر کو انڈیا کا دورہ کریں گے

اردو نیوز  |  Aug 16, 2025

چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین کے اعلیٰ سفارت کار سرحدی معاملات پر بات چیت کے لیے اگلے ہفتے انڈیا کا دورہ کریں گے، کیونکہ دونوں ممالک پانچ سال کے تعطل کے بعد سرحدی تجارت کو دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

فرانسیسی میوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ وانگ یی پیر سے بدھ تک دہلی کی دعوت پر ’چین انڈیا سرحدی معاملے پر 24ویں خصوصی نمائندوں کی میٹنگ‘ کے لیے انڈیا کا دورہ کریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت سرحد پر 2020 میں ہونے والی ہلاکت خیز جھڑپ کے بعد رک گئی تھی۔

بھارتی میڈیا نے اس ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ وانگ پیر کو نئی دہلی میں بات چیت کے لیے متوقع تھے۔

نئی دہلی کی وزارت خارجہ نے سنیچر کو ایک بیان میں اس کی تصدیق کی وہ انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وانگ اپنے انڈین ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے بھی بات چیت کریں گے، جنہوں نے جولائی میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا۔

دو بڑی اقتصادی طاقتیں طویل عرصے سے جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک اثر و رسوخ کے لیے مقابلہ کرتی رہی ہیں۔

تاہم وہ عالمی تجارت اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف کی وجہ سے پیدا ہونے والی جغرافیائی سیاسی انتشار کے بعد تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

چینی اور انڈین حکام نے حالیہ ہفتوں میں کہا ہے کہ دونوں ممالک سرحدی تجارت کی بحالی پر بات چیت کر رہے ہیں۔

براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے اور سیاحتی ویزے جاری کرنے کے معاہدوں کو بھی اپنے تعلقات کی تعمیر نو کی کوشش کے ایک حصے کے طور پر دیکھا گیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More