متحدہ عرب امارات میں آج رات سے ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں میزبان ٹیم کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
سیریز کے آغاز سے ایک روز قبل جمعرات کو تینوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیے۔
اس دوران ایک موقع پر ایک صحافی نے افغان کپتان راشد خان سے اپنے سوال میں یہ ذکر کر دیا کہ ان کی ٹیم ’ایشیا کی دوسرے نمبر پر بہترین ٹیم ہے‘ جس پر پاکستانی کپتان سلمان آغا مسکرا دیے۔
بعد میں سلمان آغا نے تبصرہ کیا کہ کون کس نمبر پر ہے، یہ سب کی اپنی اپنی رائے ہو سکتی ہے اور سبھی کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے۔
پریس کانفرنس میں کیا ہوا؟
ابتدا میں پاکستانی کپتان سلمان آغا نے بتایا کہ یہ سیریز ایشیا کپ کی تیاری کا حصہ ہے اور پاکستان کا مقابلہ دو اچھی ٹیموں سے ہونے جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سیریز ’چیلنجنگ ہو گی۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ کسی ایک کھلاڑی کا نام لیں گے جو اس سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھا سکتا ہے تو انھوں نے کہا کہ ’کوئی ایک نام لینا مشکل ہو گا۔ میں ہماری تیاری سے مطمئن ہوں۔‘
افغان کپتان راشد خان نے کہا کہ افغانستان نے گذشتہ چار برسوں کے دوران آئی سی سی ٹورنامنٹس میں اچھا کھیل پیش کیا۔
’ہم نے پچھلے مہینوں اتنے ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیلے لیکن لڑکوں نے پوری دنیا میں کئی لیگز میں حصہ لیا۔‘
انڈین کرکٹ ٹیم اپنی جرسی کے سپانسر اور ’358 کروڑ کی ڈیل‘ سے کیوں محروم ہو گئی؟’وزیر اعظم کی طرف سے 50 لاکھ روپے انعام کا ایک پیسہ بھی نہیں ملا‘: ایم ایم اے فائٹر شاہ زیب رند جن سے حکومت نے معافی مانگیمسلمانوں کی سرپرستی سے چمکنے والا کرکٹ سٹار ’لالا امرناتھ‘: ’وہ لڑکا لاہور کی سڑکوں سے اٹھا اور شہزادوں کے ساتھ چلنے لگا‘عرفان پٹھان کا متنازع انٹرویو اور شاہد آفریدی پر حاوی ہونے کا دعویٰ: ’لالہ کبھی پیچھے نہیں ہٹا‘
راشد خان نے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں کے خلاف کامیابی میں بلے بازوں نے کلیدی کردار نبھایا تھا۔
ابتدائی بات چیت کے بعد صحافیوں کے سوالوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ایک صحافی نے راشد خان سے پوچھا کہ ’ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آپ کی ٹیم بہت اچھا کھیلی، آپ ایشیا کی دوسری بہترین ٹیم بنے۔ اس ٹرائی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے آپ کے کیا اہداف ہیں؟‘
اس سوال پر راشد خان اور سلمان آغا دونوں ہی مسکرائے۔
راشد نے اپنے جواب میں کہا کہ ’ہمارا کوئی مخصوص ہدف نہیں۔ یہ اضافی دباؤ ہے۔۔۔ ہمارا ہدف صرف وہی کرکٹ کھیلنا ہے جو آپ پچھلے برسوں سے کھیل رہے ہیں۔ ہدف یہی ہے کہ گراؤنڈ میں 200 فیصد محنت کریں۔‘
ایک دوسرے صحافی نے پوچھا کہ ’آخری بار جب آپ کا یہاں پاکستان سے میچ جاری تھا اور شائقین میں بدامنی پیدا ہوئی تھی۔ آپ کا ان کے لیے کیا پیغام ہو گا؟‘
راشد خان نے جواب دیا کہ ’یہ کھیل لوگوں کو متحد کرتا ہے۔ ہم لوگوں کو اور ملکوں کو ساتھ لاتے ہیں۔ یہ امن کا پیغام ہے۔ جو لوگ میچ دیکھنے آئیں وہ اپنی ٹیم اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں اور انجوائے کریں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس سیریز میں ’فیورٹ‘ ہیں تو انھوں نے جواب دیا کہ ’میڈیا میں چیزیں چلتی رہتی ہیں۔ ہمیں چیزوں کو الجھانا نہیں۔ جو ہم نے پچھلے برسوں حاصل کیا، جو کامیابی ہمیں ملی، ہمیں اسی پر توجہ دینی ہے۔‘
’ہر ٹیم فیورٹ ہے۔ جس دن آپ اچھا کھیلتے ہیں آپ فیورٹ ہوتے ہیں۔ ایسا نہیں کہ جو ٹیم فیورٹ ہو، وہ ہمیشہ جیتے گی۔ اگر آپ صحیح وقت پر صحیح فیصلہ نہیں کریں گے تو آپ ہار جائیں گے، خواہ کوئی بھی ہوں۔‘
راشد خان نے کہا کہ ’ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں۔ ایک، دو کھلاڑی پورا میچ بدل سکتے ہیں۔‘
پھر ایک صحافی نے متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد وسیم سے پوچھا کہ ’آپ تینوں ٹیموں نے یہاں ہوم میچز کھیلے ہیں لیکن آپ اصل ہوم ٹیم ہیں تو آپ ہوم ایڈوانس کیسے حاصل کریں گے، آپ کی کیا حکمت عملی ہو گی؟‘
اس پر تینوں کپتان ہنس پڑے اور وسیم نے جواب دیا کہ ’یہ تینوں ٹیموں کے لیے ہوم گراؤنڈ ہے۔‘
ایک صحافی نے راشد خان سے یہ بھی پوچھا کہ ’اس بار ایشیا کپ میں آپ کے ریڈار پر کون ہے؟‘ جس پر انھوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’آپ کو کون چاہیے؟‘
https://twitter.com/hashmi_shahid/status/1961102687388438658
صحافی نے پوچھا کہ ’کیا آپ انڈیا کے خلاف جیتیں گے؟‘ تو راشد نے جواب دیا کہ ’ہم اضافی دباؤ نہیں لیتے کہ ہمیں کسی مخصوص ٹیم کو ہدف بنانا ہے۔‘
پاکستانی کپتان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ’سابقہ کرکٹرز اور صحافی، ٹیم سے کچھ زیادہ امیدیں نہیں لگا رہے۔ شاید اس کی وجہ گذشتہ ٹورنامنٹس کی کارکردگی ہے۔۔۔ کیا پاکستانی ٹیم سے فینز اور کرکٹرز ناراض ہیں۔ دانستہ طور پر بولا جا رہا ہے کہ ہم ایشیا میں تیسرے، چوتھے نمبر پر ہیں۔‘
سلمان آغا نے جواب دیا کہ ’یہ لوگوں کی رائے ہے۔۔۔ ہم بطور ٹیم اس بارے میں نہیں سوچتے۔ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے اور میچز جیتنے ہیں۔ ہر کسی کو رائے رکھنے کا حق ہے، ہمیں ان کی رائے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا ہماری کوئی کمزوری ہے۔ ہم دن بدن بہتر ہو رہے ہیں۔‘
https://twitter.com/caniyaar/status/1961084627017216009
’چہرے کے تاثرات لفظوں سے زیادہ بھاری‘
شائقین نے اس سیریز پر ملے جلے تبصرے کیے ہیں مگر آج کے میچ سے قبل اس پریس کانفرنس کے کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’سلمان علی آغا کے چہرے کے تاثرات ان کے لفظوں سے زیادہ وزن رکھتے ہیں۔‘
کئی صارفین نے پاکستانی کپتان کو یاد دلانا چاہا کہ وہ حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز ہارے تھے۔
بابر نامی صارف نے مشورہ دیا کہ ’کرکٹ میں آپ کو ہمیشہ پُراعتماد دکھنا چاہیے۔۔۔ آپ ایسی شکلیں بنا کر جیت نہیں سکتے۔‘
کئی صارفین نے اس معاملے کو سکواڈ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی عدم شمولیت سے بھی جوڑنا چاہا۔
خیال رہے کہ اس ٹرائی نیشن کا آغاز پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہو گا۔
اگر آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ پر نظر دوڑائی جائے تو پاکستان آٹھویں اور افغانستان نویں نمبر پر ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کا 15واں نمبر ہے۔
اس کے باوجود یہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس سیریز میں تینوں ٹیموں کے درمیان کڑا مقابلہ ہو گا۔
انڈین کرکٹ ٹیم اپنی جرسی کے سپانسر اور ’358 کروڑ کی ڈیل‘ سے کیوں محروم ہو گئی؟ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ’حقیقی لیجنڈ‘ ہلک ہوگن جنھوں نے ریسلنگ رنگ سے باہر ہالی وڈ میں بھی کیریئر بنایا’وزیر اعظم کی طرف سے 50 لاکھ روپے انعام کا ایک پیسہ بھی نہیں ملا‘: ایم ایم اے فائٹر شاہ زیب رند جن سے حکومت نے معافی مانگیمسلمانوں کی سرپرستی سے چمکنے والا کرکٹ سٹار ’لالا امرناتھ‘: ’وہ لڑکا لاہور کی سڑکوں سے اٹھا اور شہزادوں کے ساتھ چلنے لگا‘عرفان پٹھان کا متنازع انٹرویو اور شاہد آفریدی پر حاوی ہونے کا دعویٰ: ’لالہ کبھی پیچھے نہیں ہٹا‘