لائیو: دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ کی ’گذشتہ تین دہائیوں میں بلند ترین سطح‘، پی ڈی ایم اے

اردو نیوز  |  Aug 30, 2025

اہم نکات:

پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کے دوران 28 اموات، پی ڈی ایم اے

دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ تین لاکھ 85 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا

منگل تک پنجاب میں شدید بارشوں کی پیش گوئی

 

دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ تین لاکھ 85 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ تین لاکھ 85 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں این ڈی ایم اے نے بتایا کہ یہ پانی کے بہاؤ کی گذشتہ تین دہائیوں میں بلند ترین سطح ہے۔ ممکنہ طور پر سیلابی ریلے کا بہاؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ’قصور اور ملحقہ علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال سامنا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ ہیں۔‘

پی ڈی ایم اے پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کے دوران 28 اموات کی تصدیق

قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک 28 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا اور ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے جمعے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 1955 کے بعد ستلج میں یہ صورتحال دیکھنےکو ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سارا پانی انڈیا میں بند ٹوٹنے کے سبب قصور کی طرف بڑھا، ہمیں قصورکو بچانےکے لیےموجود بند میں شگاف کرنا پڑ رہا ہے۔‘

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ’ہیڈ سلیمانکی کے بعد ہیڈ اسلام کو خطرہ درپیش ہوگا۔ پانی جب بہاولپور سے ہوتا ہوا پنجند جائے گا تب خطرہ ٹلے گا۔‘

اس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ اوکاڑہ، پاکپتن اور ملحقہ علاقوں کے لیے اب مسائل پیدا ہونےکا خطرہ ہے، تمام حکومتی وسائل کوبدلتےحالات کے مطابق بروئےکار لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری کوشش ہے کہ تمام متاثرہ علاقوں سے انخلا کویقینی بنایا جائے۔‘

گوجرانوالہ، لاہور اور گجرات میں شدید بارش کا امکان، این ڈی ایم اے

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ، لاہور اور گجرات ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آئندہ 12 سے 18 گھنٹوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں این ڈی ایم اے نے کہا کہ ’یہ بارشیں موجودہ سیلابی صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہیں کیونکہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں غیر معمولی بلند پانی کا بہاؤ برقرار ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’محتاط رہیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔‘

مون سون بارشوں کا 9 واں سپیلپنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے میں مون سون بارشوں کا 9 واں سپیل شروع ہو چکا ہے اور دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق جمعے سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ ’راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔ جبکہ نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، اور میانوالی میں بارشوں کا امکان ہے۔‘

دریائے چناب میں بڑا سیلابی ریلہ چنیوٹ، جھنگ اور تریموں کی طرف بڑھ رہا ہے، پی ڈی ایم اےپنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں بڑا سیلابی ریلہ چنیوٹ، جھنگ اور تریموں کی طرف بڑھ رہا ہے۔

جمعے کی سہ پہر پی ڈی ایم اے پنجاب کے بیان میں کہا گیا کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 16 ہزار کیوسک جبکہ خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پہ پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ دریائے چناب میں چنیوٹ برج کے مقام پر پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 55 ہزار کیوسک ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More