نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج کھول دیے جائیں گے جس کے نتیجے میں دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اسپل ویز کھلنے کے بعد پانی کا بہاؤ بڑھ کر تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پانی کی سطح میں ممکنہ اضافے کے باعث نشیبی و ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو پہلے ہی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد گنجائش تک بھر چکا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے بھاکڑا ڈیم میں بھی پانی کی سطح 84 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد دریاؤں میں مزید پانی آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں دریائے سندھ اور دیگر آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے لہٰذا شہری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی اطلاع پر فوری عمل کریں۔