اس وقت صوبہ پنجاب پر چناب، راوی اور ستلج کے ریلوں کا دباؤ ہے: چیئرمین این ڈی ایم اے

اردو نیوز  |  Aug 31, 2025

پاکستان کے وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ’سیلابی صورتحال میں امدادی کارروائیوں کے لیے صوبوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مخیر حضرات آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔‘

ڈاکٹر مصدق ملک نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کے ساتھ اتوار کی شام پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’محفوظ مقامات پر متنقل کیے گئے آٹھ لاکھ غریب افراد کی دیکھ بھال ہماری ترجیح ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دونوں ذاتی طور پر حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہم اس قدرتی آفت کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

اس موقعے پر این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا کہ ’سیلاب کے پیشگی وارننگ کی ذمہ داری این ڈی ایم اے کی ہے اور گزشتہ کئی ماہ کے دوران ہم نے درست پیش گوئیاں کی ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ‘ہمارے شمالی علاقوں میں آئندہ برسوں میں گلیشئرز زیادہ تیزی سے پگھلیں گے۔ آئندہ دنوں میں مزید مون سون بارشیں بھی متوقع ہیں۔ مون سون کا آخری اسپیل ستمبر کے پہلے ہفتے میں آئےگا تاہم اس میں زیادہ شدت نہیں ہو گی۔‘

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ’اس وقت دریائے جہلم میں بہت زیادہ بہاؤ نہیں ہے جبکہ صوبہ پنجاب پر چناب، راوی اور ستلج کے سیلابی ریلوں کا دباؤ ہے۔‘

’چار سے پانچ ستمبر کو ان دریاؤں کے تمام ریلے گدو بیراج کے مقام پر اکٹھے ہوں گے تاہم اس سے قبل ریلوں کی رفتار اور پانی کی مقدار میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ بارشوں اور سیلابی صورت حال کے باعث ملک بھر میں 850 افراد جاں سے گئے ہوئے ہیں۔‘

پنجاب میں سیلاب سے 20 لاکھ 66 ہزار لوگ متاثر ہوئے: ریلیف کمشنر

اس سے قبل اتوار ہی کو پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری بھی کی۔

ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق دریائے راوی ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث دو ہزار سے زائد مقامات متاثر ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 20 لاکھ 66 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔ سیلاب میں پھنس جانے والے سات لاکھ 60 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 20 لاکھ 66 ہزار لوگ متاثر ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)پنجاب میں ’تاریخ کا سب سے بڑا سیلابی ریلہ‘

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان کاٹھیا نے اتوار کی صبح کہا کہ ’پنجاب میں اس وقت تاریخ کا سب سے بڑا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں ملتان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تینوں دریاؤں میں شدید سیلابی صورتحال ہے۔ سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے مزید بتایا کہ دریائے ستلج کا پانی چار اضلاع سے گزرے گا جبکہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں ملتان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More