ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے نامور کھلاڑی لیونل میسی نے ہوم گراؤنڈ پر اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلتے ہوئے 2 گول اسکور کیے۔
آئندہ برس ورلڈ کپ کھیلنے سے متعلق میسی نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ وہ وقت آنے پر کریں گے۔
بیونس آئرس میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے مابین کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں ارجنٹینا نے 3-0 سے کامیابی حاصل کی، میسی نے مذکورہ میچ میں 2 گول جبکہ ارجنٹینا کی جانب سے تیسرا گول مارٹینز نے کیا۔
اسٹیڈیم میں موجود 80 ہزار تماشائیوں نے میچ سے قبل کھڑے ہوکر اپنے کپتان کو خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر میسی اپنے تینوں بچوں کے ہمراہ موجود تھے۔
ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکلونی نے تصدیق کی ہے کہ میسی ورلڈ کپ کوالیفائر کا آخری میچ کھیلنے کے لیے ایکویڈور نہیں جائیں گے، ارجنٹینا اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔
لیونل میسی کا کہنا ہے کہ اُن کے لیے یہ بڑا جذباتی لمحہ تھا، اپنے ملک کے تماشائیوں کے سامنے کھیلنا اُن کو ہمیشہ سے اچھا لگتا ہے۔ آئندہ برس ورلڈ کپ کھیلنے کے بارے میں میسی کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے اس بارے میں تاحال فیصلہ نہیں کیا، جب ایونٹ کا وقت قریب آئے گا، اُس وقت وہ کوئی فیصلہ کرنے کے قابل ہوں گے۔
یاد رہے کہ فٹ بال سپر اسٹار نے اپنے ملک کے لیے 194 میچز کھیلے، جس میں 114 گول اسکور کیے ہیں جبکہ بطور کپتان وہ 2022ء کے ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔