چین کی کمپنی ژونگ ٹونگ نے حکومت خیبرپختونخوا کو 50 نئی 12 میٹر ڈیزل ہائبرڈ بی آر ٹی بسوں کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔ کمپنی نے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو خط ارسال کر دیا۔
کمپنی نے خط میں پیشکش کی کہ ژونگ ٹونگ کی بسیں پہلے ہی کراچی کے گرین لائن اور اورنج لائن منصوبوں کے تحت کامیابی سے چل رہی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پشاور بی آر ٹی کے لیے بھی مارکیٹ ریٹ سے کم نرخ پر بسیں فراہم کرے گی۔
خط کے متن کے مطابق 50 بسیں فی بس 153,530 امریکی ڈالر کے حساب سے فراہم کی جائیں گی اور اسی ماڈل کی قیمت مارکیٹ میں تقریباً ایک لاکھ ڈالر زیادہ ہے اس طرح صوبائی حکومت کو مجموعی طور پر ایک بڑی رقم کی بچت ہوگی۔
کمپنی نے مزید کہا ہے کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت 50 بسوں کا آرڈر دیتی ہے تو دو اضافی بسیں مفت فراہم کی جائیں گی اور بسوں کی ڈیلیوری 90 سے 120 دن کے اندر یقینی بنائی جائے گی۔
ژونگ ٹونگ نے خط میں مزید کہا کہ تمام بسوں کے لیے تین سالہ مینٹیننس سپروویژن گارنٹی دی جائے گی جبکہ مین پارٹس پر بھی وارنٹی فراہم کی جائے گی۔