نیشنل پالیسی ڈائیلاگ، وزیراعظم نے 13 رکنی کمیٹی قائم کر دی

ہماری ویب  |  Sep 09, 2025

وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نیشنل پالیسی ڈائیلاگ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کے لیے 13 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقیات و خصوصی اقدامات احسن اقبال کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی وزرائے ماحولیاتی تبدیلی، مواصلات اور آبی وسائل، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور، چاروں صوبوں کے سیکریٹریز آبپاشی و ماحولیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے، چیئرمین این ڈی ایم اے اور ڈی جی محکمہ موسمیات شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی ہر دو ہفتے بعد صوبائی حکومتوں، وفاقی وزارتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا سے مشاورت کرے گی تاکہ کم مدت، درمیانی مدت اور طویل المدتی حکمت عملی تیار کی جا سکے۔ اس کا مقصد ایک جامع ایکشن پلان تشکیل دینا ہے جس میں تحقیق، ڈیٹا اکٹھا کرنے، اور عملی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

کمیٹی کو آٹھ بڑی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جن میں سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں کا جائزہ اور ڈرینیج سسٹم کی بہتری،پانی کے ذخائر اور ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز کی دستیابی کا تعین،ندی نالوں اور قدرتی گزرگاہوں سے تجاوزات کا خاتمہ شامل ہے۔

اس کے علاوہ کمیٹی کو جو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی ان میں جنگلات کی کٹائی روکنے کے لیے قانون سازی،بارشوں کی پیشگی اطلاع دینے والے جدید ریڈار سسٹم کا قیام،شہری علاقوں میں بارش کے پانی کے فوری نکاس کی حکمت عملی اور صوبائی سطح پر این ڈی ایم اے کو مزید فعال بنانا شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More