اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب نے متعدد بار وقت لیااور پراسیکیوٹر کی تعیناتی کا مؤقف اپنایا مگر کیس مقرر نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ تاریخیں گزر گئیں ہین اگر آئندہ ہفتے کیس مقرر نہ ہوا تو یہ مشق لاحاصل ہوگی۔
سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے دونوں کو دیگر مقدمات میں بریت یا ضمانت مل چکی ہے لہٰذا سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد فیصلہ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی میڈیکل گراؤنڈ پر کیس مؤخر نہیں کیا صرف جلد سماعت چاہتے ہیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ یہ پرانی باتیں ہو گئی ہیں آفس کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ کیس جلد مقرر کیا جائے۔
یاد رہے کہ 17 جنوری 2025 کو اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی اس کے علاوہ دونوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے تھے۔