اہم نکات
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ
22 لاکھ متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا : عظمیٰ بخاری
گڈو اور سکھر میں دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ
خیبرپختونخوا میں 19 عسکریت پسند ہلاک کیے گئے: آئی ایس پی آر
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق جمعرات کو ’دوحہ ایئرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع عزت مآب شیخ سعود بن عبد الرحمان بن حسن الثانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔‘بیان میں مزید کہا گیا کہ ’وزیراعظم کی دوحہ میں قطری امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہو گی۔ وزیراعظم دوحہ پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کے صریح منافی حملے کے تناظر میں قطری امیر اور قطری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔‘’ملاقات میں اسرائیل کے خطے کے مختلف ممالک پر بلاجواز حملوں اور مسلسل جارحیت کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے قیام کے لیے مشاورت ہو گی۔‘نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔ سیلابی صورتحال، 22 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا: عظمیٰ بخاریپاکستان کی صوبہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سخت آفت ہے اور صوبہ اس مصیبت سے لڑ رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کرے گی، غلطیوں پر ضرور ایکشن لیں گے۔‘انہوں نے بتایا کہ ’پرائیویٹ کشتیوں والے کے لاکھوں روپے لوٹنے کی خبر پر ایکشن لیا گیا، نجی کشتیوں کی تمام ادائیگیاں پنجاب حکومت کرے گی۔‘’وزیراعلیٰ مریم نواز روز میٹنگ کرتی ہیں، انتظامیہ سے پوچھتی ہیں کہ کس چیز کی ضرورت ہے۔‘’اب تک 22 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔‘گڈو اور سکھر میں دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہپاکستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح غیرمعمولی طور پر بڑھ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر ’انتہائی اونچے درجے‘ کے جبکہ سکھر میں ’اونچے درجے‘ کے سیلاب کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 19 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا: آئی ایس پی آرپاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران 19 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند کے علاقے میں آپریشن کے دوران انڈین سرپرستی میں سرگرم 14 خوارج کو ہلاک کیا۔‘بیان کےمطابق ’خفیہ معلومات کی بنیاد پر دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں مزید 4 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا جبکہ تیسری کارروائی بنوں میں کی گئی جس میں ایک خوارج کو ہلاک کیا گیا۔‘آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ کسی بھی دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔