ٹی20 ایشیا کپ: انڈیا کی متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست

اردو نیوز  |  Sep 12, 2025

ٹی 20 ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں انڈیا نے میزبان متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں کی برتری سے شکست دے دی ہے۔

بدھ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں انڈیا نے 58 رنز کا ہدف پانچویں اوور کی تیسری گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

انڈیا کی جانب سے ابھیشیک شرما 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شبمن گل نے 20 اور سوریا کمار یادیو نے سات رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔

یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انڈیا کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے یو اے ای کی پوری ٹیم 14ویں اوور کی پہلی گیند پر 57 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی تھی۔

یو اے ای کی جانب سے علی شان شرافو نے 22 اور محمد وسیم نے 19 رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکا۔

انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادو نے چار، شیوم دوبے نے تین جبکہ جسپریت بومرا، اکشر پٹیل اور ورن چکرویدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ انڈیا ایک طویل وقفے کے بعد انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ میں واپسی کر رہا ہے تاہم ٹی20 کرکٹ عالمی چیمپیئن ہونے کی وجہ سے انڈیا ایونٹ میں فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔

میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیم حالیہ سہ ملکی سیریز میں افغانستان اور پاکستان سے بھی ہار چکی ہے جبکہ اس سے قبل یوگینڈا نے بھی اسے مات دی تھی۔

اس سے قبل ٹی20 کرکٹ فارمیٹ میں انڈیا اور متحدہ عرب امارات صرف ایک مرتبہ آمنے سامنے ہوئے جس میں انڈیا کا پلڑا بھاری رہا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More