پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں تمام نان رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کو جلد ہی مقامی نیٹ ورکس سے مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔ پی ٹی اے نے یہ فیصلہ اسمگل شدہ فونز کی روک تھام، صارفین کے تحفظ اور سائبر کرائمز پر قابو پانے کے لیے کیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر رجسٹرڈ موبائل فون خریدنا، فروخت کرنا یا استعمال کرنا جرم ہے۔ ایسے فونز نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ دھوکہ دہی اور دیگر سائبر جرائم میں بھی استعمال ہو رہے ہیں جس سے شہریوں کی سیکیورٹی متاثر ہوتی ہے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ نان رجسٹرڈ موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کو سروس کی معطلی کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ موبائل فون خریدنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور رجسٹریشن کی تصدیق ضرور کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام ڈی آئی آر بی ایس نظام کے تحت کیا جا رہا ہے جو غیر قانونی اور نان رجسٹرڈ ڈیوائسز کو نیٹ ورکس پر چلنے سے روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ جو صارفین بروقت اپنے فون رجسٹرڈ نہیں کروائیں گے ان کے ڈیوائسز مستقبل میں مکمل طور پر بلاک کر دیے جائیں گے۔