پاکستان انڈیا میچ، ’گڑبڑ‘ کرنے والے تماشائیوں کو بھاری جُرمانہ اور سزا ہوگی: دبئی پولیس

اردو نیوز  |  Sep 14, 2025

ٹی20 ایشیا کپ میں آج پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، اور یہ بڑا ٹاکرا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی ایونٹس سکیورٹی کمیٹی (ای ایس سی) نے دونوں ملکوں کے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ میچ کے دوران سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں اور سٹیڈیم کے قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔

دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف فار آپریشنز اور ای ایس سی کے چیئرمین میجر جنرل سيف مهير المزروعی نے تصدیق کی ہے کہ پولیس کے خصوصی یونٹس ایشیا کپ 2025 کے تمام میچز کی سکیورٹی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ حفاظتی اقدامات میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ پر سخت کارروائی کی جائے گی اور شائقین اور املاک کے تحفظ کے لیے قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

وفاقی قانون برائے کھیلوں کی املاک اور سٹیڈیمز کی سکیورٹی کے حوالے وفاقی قانون کا حوالہ دیتے ہوئے، سيف مهير المزروعی نے بتایا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔

’اگر کوئی شخص بغیر اجازت کے گراؤنڈ میں داخل ہو جائے یا آتش بازی جیسی ممنوعہ اشیا لے کر آئے، تو اسے ایک سے تین ماہ تک قید اور پانچ ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اسی طرح تشدد، چیزیں پھینکنے، نسلی تعصب یا توہین آمیز زبان کے استعمال جیسے اقدامات پر بھی قید اور 10 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔‘

دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف فار آپریشنز کے مطابق ممنوعہ اشیا میں آتش بازی کا سامان، آتش گیر مادہ، لیزر، چھتری، بڑے کیمرے، سیلفی سٹکس، تیز دھار آلات، زہریلا مواد، جھنڈے، بینرز، پالتو جانور، ریمورٹ کنٹرولڈ ڈیوائسز، سائیکلیں، سکوٹرز، سکیٹ بورڈز اور کانچ کی اشیا شامل ہیں۔

ای ایس سی نے دونوں ملکوں کے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ میچ کے دوران سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں (فائل فوٹو: اے پی)خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کا آغاز آج شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا جبکہ ٹاس سات بجے شیڈول ہے۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان رواں برس مئی میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔

انڈیا موجودہ ٹی20 کرکٹ کا چیمپئن ہے جبکہ پاکستان نے آخری پانچ ٹی20 سیریز میں سے تین سیریز جیت رکھی ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More