بلوچستان کی 12 جیلوں میں 4,500 قیدیوں اور اہلکاروں کی اسکریننگ شروع

ہماری ویب  |  Sep 16, 2025

صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے سنٹرل جیل کوئٹہ میں چیف منسٹرز پرزن ہیلتھ انیشی ایٹو کا افتتاح کردیا۔ اس اقدام کے تحت بلوچستان کی 12 جیلوں میں 30 مختلف بیماریوں کے حوالے سے 3,000 قیدیوں اور 1,500 پولیس افسران و اہلکاروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر صوبے کی تاریخ میں پہلی بار جیل صحت پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت قیدیوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قیدیوں کی صحت کو وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کی وہ مستحق تھے۔ یہ پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے جو قیدیوں کے بنیادی حقوق اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیدی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی صحت کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس پروگرام کے تحت قیدیوں کو ہیپاٹائٹس، تپ دق، بلڈ پریشر، ذہنی امراض اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے معائنہ، علاج اور ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

تقریب میں سیکریٹری صحت بلوچستان شہیک بلوچ، آئی جی جیل خانہ جات، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر جیل میں خواتین، بچوں اور دیگر قیدیوں کے تربیتی پروگرامز کا بھی معائنہ کیا اور جیل حکام سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More