امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر امریکی اتحادی ملک ہے اور اسرائیل قطر میں دوبارہ حملہ نہیں کرے گا۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس نے یرغمالیوں کو مار دینے کی بات کی ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ شکاگو اور نیو اورلینز جیسے شہروں میں بڑھتی ہوئی بے امنی کے باعث نیشنل گارڈز کو مرحلہ وار تعینات کیا جائے گا تاکہ صورتحال قابو میں لائی جا سکے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں امریکی فورسز کی تازہ کارروائی کی بھی تصدیق کی جس میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ صدر نے کہا کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب دہشت گرد منشیات منتقل کر رہے تھے اور آپریشن میں امریکی افواج کو کسی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات مافیا امریکا میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ سے یروشلم میں ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل حماس کے رہنماؤں پر حملے جاری رکھے گا چاہے وہ کہیں بھی ہوں جبکہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ غزہ کے لوگ بہتر مستقبل کے مستحق ہیں مگر یہ حماس کے خاتمے تک ممکن نہیں۔