امریکہ نے بیچ سمندر وینزویلا کے ’منشیات سمگلرز‘ کی ایک اور کشتی تباہ کر دی، تین ہلاک

اردو نیوز  |  Sep 16, 2025

امریکہ نے کہا ہے کہ اس نے وینزویلا سے تعلق رکھنے والی ایک اور ایسی کشتی کو نشانہ بنایا ہے جس میں مبینہ طور منشیات لے جائی رہی تھیں جبکہ وینزویلا کے صدر امریکی اقدام کو ’جارحیت‘ قرار دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ امریکی فوج نے ڈرگ کارٹل کی ایک مبینہ کشتی کو نشانہ بنایا ہے جو امریکہ کی طرف آ رہی تھی۔

یہ حالیہ ہفتوں کے دوران امریکہ کی جانب سے وینزویلا کی طرف سے آنے والی دوسری کشتی پر حملہ ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی پانیوں میں کی گئی اور واقعے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا کہ کشتی میں منشیات لے جائی جا رہی تھیں۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’آج صبح میرے حکم پر امریکہ کے فوجی دستوں نے ساؤتھ کام کے علاقے میں شناخت کے بعد کارروائی کی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسے متشدد ڈرگ کارٹلز امریکہ اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے پوسٹ کے ساتھ 30 سیکنڈ پر مشتمل ایک ویڈیو بھی لگائی، اس میں پانی میں ایک کشتی بڑھتی ہوئی دکھائی دیتی ہے اور پھر اس میں آگ لگ جاتی ہے۔

وینزویلا کے صدر نیکولس میڈورو نے امریکی کارروائی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے (فوٹو: روئٹرز)

پیر کو ہی ایک اور موقع پر امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، آپ کو صرف اس سامان کو دیکھنا ہے جو پورے سمندر میں بکھرا پڑا تھا جو کہ کوکین اور فینٹینل کے تھیلے تھے۔‘

دوسری جانب وینزویلا نے امریکی اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق واقعے کے بعد وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکہ کی جانب سے کیے گئے واقعات ’جارحیت‘ کے زمرے میں آتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں جبکہ حکومتوں کے درمیان کوئی رابطہ بھی نہیں ہے۔

 

امریکہ نے پچھلے کچھ عرصے کے دوران سمندر میں اپنے فوجیوں کی گشت بڑھائی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وینزویلا کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ کشیدگی نہیں جارحیت ہے، وہ ہمیں مجرم قرار دیتے ہیں اور روزانہ دھمکی آمیز بیانات کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور فوجی جارحیت کی جا رہی ہے۔‘

ٹرمپ انتظامیہ نے سمندر میں امریکہ کے فوجی دستوں کو بڑھا دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد منشیات کے سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن ہے۔

رواں ماہ امریکی فوج ہونے والے ایسے ہی ایک واقع میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے اور کشتی ڈوب گئی تھی جس کے بارے میں امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس میں منشیات لے جا رہی تھی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More